آصف زرداری کرپشن کے پیسے سے لوگوں کو خریدتے ہیں، وزیراعظم

ویب ڈیسک  منگل 9 مارچ 2021
شفاف انتخاب کے لیے الیکٹرونک ووٹنگ مشین متعارف کرارہے ہیں،وزیر اعظم فوٹو: فائل

شفاف انتخاب کے لیے الیکٹرونک ووٹنگ مشین متعارف کرارہے ہیں،وزیر اعظم فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ آصف زرداری کرپشن کے پیسے سے لوگوں کو خریدتے ہیں۔

کابینہ اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ قوم تب تباہ ہوتی ہے جب انصاف کی صلاحیت ختم ہوتی ہے، جس قوم میں اخلاقی معیار نہ ہو وہ کبھی انصاف نہیں کر سکتی، ملک میں کرپشن سے زیادہ کوئی اور چیز بنیادوں کو تباہ نہیں کرتی، بڑے منصوبوں میں بڑی سطح پرکرپشن ہوتی ہے، بدعنوان عناصر بڑے منصوبوں سے کمیشن لے کر باہر منتقل کرتے ہیں، ان بد عنوانوں کے باعث ملک مقروض ہو جا تا ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق غریب ممالک کا 7ہزار ارب ڈالر بیرون ممالک پڑا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بد قسمتی سے معاشرے میں کرپشن کو سب کیلئے قابل قبول بنا دیا جا تا ہے، بدعنوانی کرنے کے لئے نواز شریف اور آصف زرداری پہلے متعلقہ اداروں کو کمزور کرتے ہیں، نواز شریف اور آصف زرداری جیسے صاحب اقتدار لوگ اپنے ملک سے پیسے چوری کرکے باہر بھیجتے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کرنے کے لئے نواز شریف اور آصف زرداری پہلے متعلقہ اداروں کو کمزور کرتے ہیں، سینیٹ الیکشن میں جو تماشا چلا سب نے دیکھا، سب کو معلوم ہے سینیٹ انتخابات میں کھلے عام پیسا چلتا ہے، آصف زرداری کرپشن کے پیسے سے لوگوں کو خریدتا ہے، اب ایسے الیکشن نہیں کرسکتے اس لیے اگلے الیکشن کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا چاہیے، شفاف انتخاب کے لیے الیکٹرونک ووٹنگ مشین متعارف کرارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔