’حملے جاری رہیں گے‘ ؛ نیتن یاہو نے جنگ بندی کے مطالبے کو مسترد کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 19 مئ 2021
اسرائیلی طیاروں کے حملے میں آج 4 فلسطینی شہید ہوئے، فوٹو: فائل

اسرائیلی طیاروں کے حملے میں آج 4 فلسطینی شہید ہوئے، فوٹو: فائل

تل ابيب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے عالمی رہنماؤں کے مطالبے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شدت پسندی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے آج نویں دن بھی غزہ پر فضائی بمباری کی جس کے نتیجے میں 6 فلسطینی شہید اور کئی گھر مسمار ہوگئے جب کہ حماس کے راکٹ حملوں میں 5 سالہ لڑکے سمیت 3 اسرائیلی مارے گئے۔

دس دن سے جاری جھڑپوں میں غزہ میں شہادتوں کی مجموعی تعداد 219 ہوگئی جب کہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس کے حملوں میں 130 اسرائیلی شہری بھی مارے گئے۔

یہ خبر پڑھیں : اسرائیل کی بمباری میں اسلامی یونیورسٹی کی عمارت تباہ، شہادتیں 217 ہوگئیں 

ادھر جارح پسند وزیراعظم نیتن یاہو نے عالمی رہنماؤں کی جنگ بندی کے مطالبے کو مسترد کردیا اور روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی شہریوں پر حملے بند ہونے تک مزاحمت کاروں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

نیتن یاہو نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے مزید کہا کہ اسلامی شدت پسندوں کو ایسی ضربیں لگائی ہیں جس کی وہ توقع نہیں کر رہے تھے، جب تک اسرائیلی شہریوں پر حملے بند نہیں ہوتے تب تک جنگ جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے 219 فلسطینیوں میں 63 بچے، 36 خواتین اور 16 بزرگ شامل ہیں اور زخمیوں کی تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ میڈیا ہاؤس سمیت درجنوں گھر مسمار ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔