اسرائیل کی بمباری میں اسلامی یونیورسٹی کی عمارت تباہ، شہادتیں 217 ہوگئیں

ویب ڈیسک  بدھ 19 مئ 2021
حماس کے اسرائیل پر راکٹ حملے میں 10یہودی بھی ہلاک ہوئے،، فوٹو: اے ایف پی

حماس کے اسرائیل پر راکٹ حملے میں 10یہودی بھی ہلاک ہوئے،، فوٹو: اے ایف پی

 غزہ: اسرائیل کے راکٹ حملوں میں اسلامی یونیورسٹی کی ایک عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی جب کہ مسلسل 8 روز سے جاری بمباری میں شہادتوں کی تعداد 217 ہوگئی جب کہ حماس کے اسرائیل پر راکٹ حملے میں 10 اسرائیلی بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ پر اسرائیل کی بمباری مسلسل آٹھویں روز بھی جاری رہی۔ راکٹ حملوں میں اسلامی یونیورسٹی کی ایک عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ خوش قسمتی سے حملے کے وقت طلبا اور عملہ یونیورسٹی میں موجود نہیں تھا۔

غزہ میں آٹھ روز سے جاری اسرائیل کی بمباری میں شہادتوں کی تعداد 217 ہوگئی، شہید ہونے والوں میں 63 بچے، 36 خواتین اور 16 بزرگ  بھی شامل ہیں جب کہ 1500 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں میڈیا ہاؤسز سمیت 3 کثیر المنزلہ عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

یہ خبر پڑھیں : جو بائیڈن نے اسرائیل کی حمایت کرکے اپنے ہاتھ فلسطینیوں کے خون سے رنگ لئے، ترک صدر 

دوسری جانب غزہ سے حماس نے بھی اسرائیلی علاقے پر راکٹ داغے جس کے نتیجے میں 10 اسرائیلی بھی ہلاک ہوئے جب کہ لبنان کی جانب سے بھی اسرائیلی سر زمین پر راکٹ داغے گئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : اسرائیل مسلمانوں کے خلاف تشدد اور دھمکیوں کا سلسلہ بند کرے، چین 

ادھر امریکی صدر جوبائیڈن نے چوتھی بار اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ٹیلی فون کیا ہے اور غزہ میں سیز فائر کی حمایت کا یقین دلایا ہے جب کہ امریکی صدر نے اسرائیل کو اسلحے کی فروخت کی منظوری بھی دیدی ہے جس پر مسلم رکن پارلیمنٹ الہان عمر نے شدید احتجاج کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی صدر جو بائیڈن کی غزہ میں جنگ بندی کی حمایت 

ترک صدر طیب اردوان نے امریکا کی جانب سے اسرائیل کو اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بائیڈن نے اسرائیل کی حمایت کرکے اپنے ہاتھ فلسطینیوں کے خون سے رنگ لیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔