حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 30 جولائی 2021
دنیا میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ 47 فیصد ہوا لیکن پاکستان میں 11 فیصد ہوا، شہباز گل (فائل فوٹو)

دنیا میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ 47 فیصد ہوا لیکن پاکستان میں 11 فیصد ہوا، شہباز گل (فائل فوٹو)

 اسلام آباد: حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا ہے۔ 

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ اوگرا کی سفارش پر پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 1 روپے 71 پیسے کا اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا، ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے عام آدمی اور کسان زیادہ متاثر ہوتا ہے اس لیے ڈیزل کی قیمت میں اضافے کی سمری مسترد کر دی گئی ہے۔

شہباز گل نے ٹوئٹ میں کہا کہ دنیا میں پیٹرول کی اوسط قیمت 1 عشاریہ 19 ڈالر فی لیٹر ہے تاہم پاکستان میں پیٹرول کی قیمت عشاریہ 72 ڈالر فی لیٹر ہے، دنیا میں پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ 47 فیصد ہوا لیکن پاکستان میں 11 فیصد ہوا۔

معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ جن 27 ممالک میں پیٹرول کی قیمتیں پاکستان سے کم ہے ان میں سے زیادہ تر ممالک اپنی پیٹرولیم مصنوعات میں خود کفیل ہیں، اس وقت پیٹرولیم پروڈکٹس پر حکومت تقریباً صفر کے قریب ٹیکس وصول کر رہی ہے، کورونا کی وجہ سے پوری دنیا مہنگائی کی زد میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا۔

خیال رہے کہ اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے لیے سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی گئی تھی جس میں پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ 71 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی۔ سمری میں مٹی کے تیل کی قیمت میں 35 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 24 پیسے اضافے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 27 پیسے فی لیٹر کمی کی تجویز دی گئی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔