اب صارفین واٹس ایپ پر اپنے اوتار بنا سکیں گے

واٹس ایپ کی جانب سے اپنے پلیٹ فارم پر اوتار کا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے


ویب ڈیسک December 10, 2022

انسٹینٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے حالیہ دنوں میں متعدد فیچر متعارف کرائے جانے کے بعد اب ایک اور دلچسپ فیچر متعارف کرانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

میٹا کی ذیلی کمپنی واٹس ایپ نےاعلان کیا ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارم پر اوتار کا فیچر متعارف کرانے جارہی ہے۔

اس اعلان سے ظاہر ہوتا ہے کہ واٹس ایپ فیس بک کے بِٹ موجی جیسے اوتار کو اپنانے جارہا ہے جو رواں برس جولائی میں سامنے آیا تھا۔ جس کے بعد اکتوبر میں فیچر کے متعلق مزید تفصیلات تب سامنے آئیں تھیں جب یہ فیچر ایپ کے بِیٹا چینل پر پیش کیا گیا تھا۔

اوتار آپ کی ذات کا ایک ڈیجیٹل ورژن ہوتا ہے جس کو آپ مختلف بالوں کے اسٹائل، جلد کے رنگ، کپڑے اور تاثرات سے آراستہ کر سکتے ہیں۔

ایک بار آپ کوئی اوتار تخلیق دے دیں اس کے بعد 36 اسٹِکر کا ایک مجموعہ تشکیل پا جاتا ہے جو آپ کسی بھی چیٹ میں بھیج سکتے ہیں۔ اس اوتار کو آپ بطور پروفائل تصویر کے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

میٹا کی جانب سے فیس بک اور انسٹاگرام پر بِٹ موجی اسٹائل کے اوتار بننے شروع ہوگئے ہیں لیکن ان اوتار کو آپ واٹس ایپ میں استعمال نہیں کرسکتے۔

مقبول خبریں