آئی سی سی رینکنگ؛ بابراعظم کی ون ڈے میں پہلی، ٹی20 میں تیسری پوزیشن

ویب ڈیسک  بدھ 8 فروری 2023
ٹی20 رینکنگ میں سوریا کمار کا پہلا نمبر برقرار (فوٹو: ایکسپریس ویب)

ٹی20 رینکنگ میں سوریا کمار کا پہلا نمبر برقرار (فوٹو: ایکسپریس ویب)

 دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی، کپتان بابراعظم ٹی20 میں تیسرے نمبر پر آگئے۔

آئی سی سی کی جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق مینز ون ڈے بیٹنگ پلئیرز رینکنگ میں کپتان بابراعظم 887 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے راسی وین ڈیر ڈوسن 787 اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر ایک درجہ ترقی پاکر بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر قابض ہیں جبکہ ٹاپ ٹین میں شامل دوسرے پاکستانی امام الحق پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

ون ڈے میں بھارت کے محمد سراج سر فہرست ہیں جبکہ قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 8ویں نمبر پر براجمان ہیں۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ؛ بابراعظم ون ڈے، سوریا کمار ٹی20 میں پہلی پوزیشن پر براجمان

دوسری جانب ٹی20 رینکنگ میں بھارت سوریا کمار یادیو کی بادشاہت ہے، پاکستان کے محمد رضوان کی دوسری جبکہ کپتان بابراعظم ایک درجہ ترقی پاکر تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔

ٹی20 رینکنگ میں ٹاپ ٹین بالرز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں، حارث روف ایک درجے تنزلی کے بعد 15ویں اور شاہین آفریدی 16ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

12

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔