پی ایس ایل8 کیلئے نئی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

ویب ڈیسک  جمعرات 9 فروری 2023
ایونٹ کا آغاز 13 فروری سے ملتان میں ہوگا (فوٹو: پی سی بی)

ایونٹ کا آغاز 13 فروری سے ملتان میں ہوگا (فوٹو: پی سی بی)

 لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کیلئے ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔

لاہور کے تاریخی شالامار باغ میں ہونے والی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی، کرکٹر شعیب ملک، شان مسعود کے ساتھ معین خان، عاقب جاوید، فرنچائز مالکان اور اعلیٰ عہدداران شریک تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ 25 قیراط سونے اور 9 ہزار 907 زرغون نگینوں سے جڑی نئی ٹرافی پہلے سے زیادہ دیدہ زیب تیار کی گئی ہے، ٹرافی کے 3 پلرز قومی ٹیم کے اتحاد، مضبوطی اور جذے  کے عکاس ہیں جبکہ بیک سائیڈ پر بڑا پلر ٹیم کی کامیابی کیلئے سخت محنت اور لگن کو ظاہر کرتا ہے۔

پی ایس ایل سیزن سیون میں استعمال کی گئی ٹرافی دوبارہ نہیں پیش کی جائے گی اور یہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندر کے پاس ہی رہے گی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل8: کمنٹیٹرز اور پریزینٹرز کے ناموں کا اعلان ہوگیا

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا آغاز 13 فروری سے ملتان میں ہوگا جبکہ 19 مارچ کو ایونٹ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل 8 کیلئے کمنٹیٹرز اور پریزینٹرز کے ناموں کا اعلان کردیا، سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا نام شامل نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل8 کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں 34 میچوں کے دوران 15 کمنٹیٹرز اور دو پریزنٹرز پر مشتمل پینل میں ایلن ولکنز، بازید خان، ڈینی موریسن، ڈیرن گنگا، ڈومینک کارک، مارک بچر، نک نائٹ، ثنا میر، سکندر بخت، سائمن ڈول، عروج ممتاز، ورنن فلینڈر اور وقار یونس انگریزی میں کمنٹری کریں گے۔

1

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔