خیبرپختونخوا حکومت کا صحت کا انصاف پروگرام پشاور میں مکمل ہوگیا

پشاور میں 12مراحل میں سات لاکھ 54 ہزار بچوں میں سات ملین ڈوز پلائی گئی، صوبائی وزیر صحت


Numaindgan Express April 21, 2014
پشاور میں 12مراحل میں سات لاکھ 54 ہزار بچوں میں سات ملین ڈوز پلائی گئی، صوبائی وزیر صحت فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا حکومت کا صحت کا انصاف پروگرام پشاور میں مکمل ہوگیا جبکہ صوابی، مردان اور چارسدہ میں مہم اگلے مرحلے کے بعد مکمل ہوجائے گی۔

ڈبلیو ٹی او کے کنٹری ڈائریکٹر الیاس دورے، ڈی سی پشاور سیدظہیر الاسلام کے ہمراہ سینئرصوبائی وزیر صحت شہرام خان ترکئی نے سول آفیسر میس میں پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پشاور میں 12مراحل میں سات لاکھ 54 ہزار بچوں میں سات ملین ڈوز پلائی گئی جبکہ ایک سال میں 2.8 میلین ڈوز پلائی جاتی ہے، انہوں نے کہاکہ 14ہزار 250 ٹیموں جن میں 8 ہزار اہلکار اور سینکڑوں رضاکاروں شامل تھے نے بھرپور حصہ لے کر مہم کو کامیاب بنایا۔ شہرام خان ترکئی نے کہاکہ پشاور کے کچھ علاقوں سے پانی کے نمونے حاصل کئے گئے جن کا رزلٹ جلد متوقع ہے لیکن پشاور پولیو وائرس سے پاک ہوگیا ہے اور باڑہ کے ایک لاکھ بچوں کو وفاقی حکومت فوری طوری پر پولیو کے قطرے پلائے کیونکہ اس سے پشاور میں وائرس کی روک تھام بھی مشکل ہے۔

انہوں نے کہاکہ ڈبلیو ایچ او نے پشاور کو پولیو وائرس سے کلئیر قراردیا ہے اور فاٹا اور افغانستان سے پشاور آنے والوں کیلئے مستقل پولیو پوائنٹ بنائے گئے ہیں جس سے پشاور میں خطرہ مزید کم ہو جائیگا۔ الیاس دورے نے کہاکہ پشاور میں اب بھی پولیو وائرس کا خطرہ موجود ہے جس کیلئے ماہانہ بنیادوں پر تین روزہ مہم چلائی جائیگی، انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے بچوں کو 12ڈوز مکمل کرکے شہر کو پولیو وائرس سے مخفوظ کر دیا ہے۔ دریں اثناء صحت کا انصاف مہم کے آخری مرحلہ کے موقع پر سخت سکیورٹی رہی اس موقع پر 5ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات رہے جبکہ موٹرسائیکل چلانے پر بھی مکمل پابندی عائد رہی جس کی خلاف ورزی پر 200 سے زائد افراد کو چالان کرکے حوالات میں بند کیا گیااورسرچ آپریشن کے دوران 21مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیاگیا۔

مقبول خبریں