قومی ہاکی ٹیم کی ایشین گیمز میں شرکت کا معمہ حل ہوگیا

حکومت نے پی ایچ ایف کو عارف حسن کی پی او اے سے رابطہ کرنے کی اجازت دیدی


Sports Reporter April 29, 2014
حکومت نے پی ایچ ایف کو عارف حسن کی پی او اے سے رابطہ کرنے کی اجازت دیدی۔ فوٹو: فائل

قومی ہاکی ٹیم کی ایشین گیمز میں شرکت کا معمہ حل ہوگیا، حکومت نے پی ایچ ایف کو خط میں عارف حسن کی سربراہی میں کام کرنے والی پی او اے سے رابطے کی اجازت دیدی۔

بین الصوبائی رابطے کی وزارت کے سیکریٹری اعجاز چوہدری کا کہنا ہے کہ دیگر کھیلوں کیلیے بھی آئی او سی کی تسلیم کردہ تنظیم کے ذریعے نام بجھوادینگے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا متوازی دھڑا قائم ہونے کے بعد قومی ٹیموں اور کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت پر سوالیہ نشان لگتا رہا،اکرم ساہی گروپ کو آئی اوسی تسلیم نہیں کرتی، اس لیے ان کوپلیئرز بھجوانے کا اختیار نہ مل سکا، دوسری طرف بین الصوبائی رابطے کی وزارت اور پاکستان اسپورٹس بورٖڈ کی مخالفت نے عارف حسن گروپ کی سرگرمیوں کو متاثر کیا، ہاکی اور دیگر ٹیموں کی کوریا میں شیڈول ایشین گیمز میں شرکت بھی صرف عارف حسن گروپ کے ذریعے نام بھجوانے سے ہی ممکن ہوسکتی تھی،اس حوالے سے ڈیڈ لاک موجود رہا، تاہم اب یہ معمہ حل ہوتا دکھائی دیتا ہے، ذرائع کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پی ایچ ایف کو خط میں اپنا اظہار دلچسپی آئی اوسی چارٹر کے تحت تسلیم شدہ پی او اے کے توسط سے بھجوانے کی اجازت دیدی ہے۔

بین الصوبائی رابطے کی وزارت کے سیکریٹری اعجاز چوہدری کا کہنا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم ایشین گیمز میں شرکت کریگی،آئی او سی چارٹر کے تحت عارف حسن گروپ کو ٹیموں اور کھلاڑیوں کے نام بھجوانے کا حق حاصل ہے، پی ایچ ایف کے بعد دیگر کھیلوں کی فیڈریشنز بھی عارف حسن گروپ کے تحت ہی ایونٹ میں شرکت کرینگے۔انھوں نے کہا کہ تنازع کا وقتی طور پر حل نکالا گیا ہے، تاہم بعد ازاں مستقل کسی مفاہمت تک پہنچنے کی کوشش کرینگے۔ معلوم ہوا ہے کہ پی او اے میں دھڑے بندی کے خاتمے کیلیے وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ 29اور30اپریل کو دونوں گروپوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کرینگے۔ وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ آئی او سی چارٹر کو تسلیم کرتے ہیں، کوشش کرینگے کہ داخلی تنازع کی وجہ سے کھلاڑیوں کیلیے کوئی مسائل نہ ہوں۔ اس صورتحال پر بات کرتے ہوئے عارف حسن نے کہا ہے کہ وزارت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، ایشین گیمز کیلیے نام بھجوانے کی مہلت میں ابھی دو روز باقی ہیں، فی الحال پی ایچ ایف نے رابطہ نہیں کیا، اظہار دلچسپی ملا تو نامزدگی بھجوادینگے۔