پی سی بی کی سخت ٹریننگ نے کھلاڑیوں کے پسینے چھڑا دیے

بطور پروفیشنل فٹنس کے سخت امتحان سے گزرنے میں کوئی پریشانی نہیں،احمد شہزاد


Sports Reporter May 10, 2014
لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں قومی کرکٹ کیمپ کے دوران سہیل تنویر، شاہد آفریدی، فیصل اقبال اور احمد شہزاد رننگ کررہے ہیں، سخت گرمی میں ٹریننگ سے پلیئرز کی فزیکل فٹنس بہتر ہونے کی امید ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

ISLAMABAD: پی سی بی کے زیر اہتمام کیمپ میں سخت ٹریننگ نے کھلاڑیوں کے پسینے چھڑا دیے۔

اوپنر احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ بطور پروفیشنل کھلاڑی فٹنس کے سخت امتحان سے گزرنے میں کوئی پریشانی نہیں، ٹوئنٹی 20 اسکواڈکی قیادت سونپی گئی تو اہم ذمہ داری سمجھ کر انصاف کروں گا،فی الحال پوری توجہ انفرادی کارکردگی بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ کیمپ کے دوسرے روز سخت گرمی میں فزیکل ٹریننگ کا آغاز ہو گیا، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ایشیا کپ اور ورلڈ ٹوئنٹی 20سے قبل پرفارم نہ کرنے والوں کو سخت ٹریننگ کرانے کی بات کہی تھی۔

اس کے مناظر نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قذافی اسٹیڈیم میں دیکھے جا سکتے ہیں، ٹریننگ میں کھلاڑیوں کو دوڑیں لگوانے کے ساتھ ماڈرن ڈرلز بھی کرائی جا رہی ہیں، اس سے ان کی فٹنس، فیلڈنگ اور وکٹوں کے درمیان رننگ کا معیار بہتر ہوگا۔ کیمپ میں شریک اوپنر احمد شہزاد نے کہاکہ اگر بورڈ نے ٹوئنٹی20ٹیم کی قیادت کا موقع دیا تو پوری ایمانداری سے اپنے کردار سے انصاف کرنے کی کوشش کروںگا، فی الحال پوری توجہ اپنی انفرادی کارکردگی بہتر بنانے پر ہے۔

بورڈ کسی کوبھی کپتان بنائے میں بڑی خوشدلی سے کھیلوں گا،جب میدان میں اتریں تو قائد ہوں یا عام کھلاڑی ملک کی عزت سب سے بڑھ کر ہوتی ہے، میں اپنے وطن کیلیے کھیلنا چاہتا ہوں۔اوپنر نے کہاکہ قومی کیمپ کی خاطر غیر ملکی کرکٹ لیگز کی پیشکش کو ٹھکرا دیا، یہاں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کو مل کر ٹریننگ کا موقع مل رہا ہے جس سے فٹنس بہتر بنانے کا بہترین موقع ملے گا، احمد شہزاد نے کہا کہ سری لنکا سمیت اگلی سیریز کافی اہم ہیں، اس دوران سخت گرمی بھی ہوگی، بطور پروفیشنل کھلاڑی فٹنس کے سخت امتحان سے گزرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوتی، ہمیں بہترین سہولتوں سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل رہا ہے۔