ایشین گیمز کرکٹ پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی
کوارٹر فائنل میں ہانگ کانگ کو 68 رنز سے شکست
پاکستان نے ہانگ کانگ کو 68 رنز سے ہراکر ایشین گیمز کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
چین کے شہر ہانگزو کی زی جیانگ یونیورسٹی کرکٹ فیلڈ میں جاری 19 ویں ایشین گیمز کے کرکٹ ایونٹ کے کوارٹرفائنل میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 160 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 18.5 اوورز میں 92 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان کے کپتان قاسم اکرم سمیت چھ کرکٹرز نے آج اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کریئر کا آغاز کیا۔ وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے نتیجے میں پاکستان کو ایک موقع پر خاصی مشکل کا سامنا تھا۔
اننگز کے پہلے ہی اوور میں مرزا بیگ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ روحیل نذیر 13، حیدرعلی 4 اور کپتان قاسم اکرم 12 رنز بنا پائے۔ عمیر یوسف 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو مجموعی اسکور صرف 54 رنز تھا اور پانچ وکٹیں گرچکی تھیں۔ خوشدل شاہ نے ایک چھکے کی مدد سے 13 رنز بنائے۔
اس موقع پر آصف علی، عرفات منہاس اور عامر جمال کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے نتیجے میں پاکستان شاہینز 160 کے اسکور تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔ آصف علی نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 25 رنز بنائے۔
عرفات منہاس نے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 25 رنز اسکور کیے۔ عامرجمال نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 16 گیندوں پر 41 رنز بنائے ان کی اننگز میں 2 چوکے اور4 چھکے شامل تھے۔
ہانگ کانگ کی طرف سے آیوش شکلا سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے49 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد غضنفر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہانگ کانگ کی اننگز میں پاکستانی اسپنرز مکمل طور پر چھائے رہے۔ بابرحیات 29 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جس میں دو چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔ خوشدل شاہ نے تین جبکہ قاسم اکرم ۔ عرفات منہاس اور سفیان مقیم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز کا مقابلہ سری لنکا اور افغانستان کے میچ کی فاتح ٹیم سے6 اکتوبر کو ہوگا۔