لاہور میں لوگوں کا شہباز شریف کی گاڑی کو روک کر احتجاج

ویب ڈیسک  جمعرات 5 اکتوبر 2023
(فوٹو : ویڈیو اسکرین گریب)

(فوٹو : ویڈیو اسکرین گریب)

 لاہور: سابق وزیراعظم شہباز شریف کی گاڑی کو لاہور کے دورے میں کاہنہ کے عوام نے روک کر احتجاج کیا، نالے کو پکا کرنے کا مطالبہ کیا جس کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف عوامی رابطہ مہم کے لیے لاہور کے دورے پر نکلے  اس دوران وہ کاہنہ پہنچے تو عوام نے ان کی گاڑی روک لی اور احتجاج کیا جس کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔

Shahbaz Sharif ko Logon ny Galiyan nikali hain Lahore main#shahbazsharif_ko_Galiyan#kahnanou pic.twitter.com/al4nR7Lved

اطلاعات ہیں کہ واقعہ ایک روز قبل رات کو پرانا کاہنہ فیروز پور روڈ پر پیش آیا جہاں مقامی لوگوں نے احتجاجی کیمپ لگایا ہوا تھا، چوں کہ شہباز شریف اسی حلقے این اے 132 سے رکن اسمبلی تھے اسی لیے عوام نے شہباز شریف کے قافلے کو آگے بڑھنے سے روک دیا، انہیں برا بھلا کہا اور راستہ دینے سے انکار کردیا۔

بعدازاں احتجاج میں شامل کچھ بڑوں نے گاڑی کے قریب پہنچ کر شہباز شریف سے بات کی اور لوگوں کو چپ کرانے کی کوشش کی اور شہباز شریف سے روہی نالے کو پکا کرنے کا مطالبہ کیا جس پر شہباز شریف نے انہیں ملاقات کے لیے وقت دے دیا اور مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ بعدازاں سیکیورٹی اہل کاروں کی مداخلت اور ن لیگی کارکنوں کی مزاحمت کے بعد شہباز شریف وہاں سے نکل جانے میں کامیاب ہوئے۔

کل میرے حلقے سے کچھ لوگوں نے گاڑی روک کر اپنے مسائل بیان کیے، شہباز شریف

دریں اثنا شہباز شریف نے ایک روز قبل گاڑی روکے جانے کے واقعے کی تصدیق کردی۔ اپنے ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ کل میں نے اپنے قومی اسمبلی کے حلقے سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا، اس کیمپین کا مقصد صرف اپنا ایجنڈا عوام کے سامنے رکھنا ہی نہی بلکہ ان کی باتیں اور تجاویز سن کر ان سے سیکھنا اور مسائل کا حل تلاش کرنا بھی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کل میرے حلقے سے کچھ لوگوں نے میری گاڑی روک کر اپنے مسائل بیان کیے، آج میں نے ان کے نمائندوں کو مدعو کیا، ان کے علاقے کے مسئلے کو سنا اور اس کے حل کی یقین دہانی کروائی، میرے نزدیک سیاست ایک عبادت ہے اور یہ عبادت خلق خدا کے خدمت کر کے ہی کی جاسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔