پاکستان اگست میں سری لنکا کو شرف میزبانی بخشے گا

2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے کی سیریز کا شیڈول جاری، پہلا 5 روزہ میچ 6 تاریخ سے شروع ہوگا.


Sports Reporter May 17, 2014
2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے کی سیریز کا شیڈول جاری، پہلا 5 روزہ میچ 6 تاریخ سے شروع ہوگا۔ فوٹو فائل

پاکستانی کرکٹ ٹیم اگست میں سری لنکا کو شرف میزبانی بخشے گی۔

اس دوران2 ٹیسٹ اور3 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے، سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا،پہلا پانچ روزہ میچ 6 اگست سے شروع ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا تھا، اس لے بعد سے آئی لینڈز نے بھی پاک سرزمین آنے کی ہمت نہ دکھائی، البتہ گذشتہ 5برس میں دونوں ٹیمیں اتنی ہی بار آمنے سامنے آ چکی ہیں، پاکستانی ٹیم2010 اور 2012 میں آئی لینڈرز کے خلاف اسی کی سرزمین پر ایکشن میں دکھائی دی، مارچ2011 میں دونوں ٹیموں کا ٹاکرا متحدہ عرب امارات میں بھی ہوا۔

گرین شرٹس نے آخری ٹیسٹ رواں برس جنوری میں سری لنکاکیخلاف ہی ابوظبی میں کھیلا تھا۔ بنگلہ دیش میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی20کے بعد پاکستان کی اکتوبر سے قبل کوئی سیریز شیڈول نہیں تھی، 6 ماہ کی انٹرنیشنل کرکٹ سے دوری کو ختم کرنے کے لیے پی سی بی نے اپریل میں آئی سی سی میٹنگ کے دوران سری لنکن حکام سے مذاکرات شروع کیے جو سود مند ثابت ہوئے۔گذشتہ روز سری لنکن کرکٹ بورڈ نے سیریز کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان کر دیا جس کے مطابق مہمان ٹیم 2 ٹیسٹ اور3 ون ڈے میچزکی سیریز کھیلے گی۔

2 اگست کو پاکستانی سائیڈ کولمبو پہنچے گی،پہلا ٹیسٹ 6سے 10اگست تک گال میں کھیلا جائے گا،اس طرز کا دوسرا میچ14سے 18تاریخ تک کولمبو میں شیڈول ہے، 20 اگست کو وارم اپ میچ کے بعد ون ڈے سیریز شروع ہوگی، پہلا میچ ہمبنٹوٹا میں 23تاریخ کو ہونا ہے،دوسرا ڈے اینڈ نائٹ میچ پالے کیلی میں 27اگست جبکہ 30تاریخ کو کولمبو میں ہوگا۔31اگست کو قومی ٹیم وطن واپس آ جائے گی، اسے اکتوبر سے دسمبر تک یو اے ای میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے سیریز کھیلنی ہیں۔