کچرا چننے والے لڑکے کے قتل کا مقدمہ درج سیکیورٹی کمپنی کے 3 افسران گرفتار

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں سیکیورٹی گارڈ رمضان کو اسلحہ تھامے فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے


Staff Reporter June 08, 2024
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں سیکیورٹی گارڈ رمضان کو اسلحہ تھامے فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے

نارتھ کراچی میں کچرا چننے والے نوعمرلڑکے کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے واقعےکا مقدمہ مفرورسیکیورٹی گارڈ کے خلاف درج کرلیا گیا،پولیس نے سیکیورٹی کمپنی کے 3 ذمہ داروں کو حراست میں لےلیا۔

جمعےکوسرسید تھانے کےعلاقے نارتھ کراچی سیکٹر الیون اے پیٹرول پمپ کے قریب سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے کچرا چننے والے 16 سالہ صمد گل جاں بحق ہو گیا تھا۔

سرسید پولیس نے واقعے کا مقدمہ دفعہ 324 کی دفعہ کے تحت مقتول صمد گل کے والد محمد عیوض کی مدعیت میں سیکیورٹی گارڈ رمضان کے خلاف درج کرلیا۔

مقتول نوجوان کے والد نے پولیس کو بیان دیا کہ میں اور میرا بیٹا کچرا چننے کے لیے نارتھ کراچی پہنچے تھے۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے صمد کو اسی مقام پر چھوڑ کر مسجد چلا گیا تھا۔

نماز پڑھ کر جب آیا تو میرے بیٹے کے پیٹ میں گولی لگی ہوئی تھی اور وہ زمین پر پڑا ہوا تھا۔

زخمی بیٹے نے بتایا کہ سیکیورٹی گارڈ رمضان نے گولی ماری اور فرار ہوگیا ملزم رمضان شاہ عاصم سیکیورٹی کمپنی میں ملازمت کرتا ہے۔

پولیس نے نجی سیکیورٹی کمپنی کے تین ذمہ داروں کو حراست میں لے لیا۔ دوران تحقیقات پولیس کو انکشاف ہوا کہ نجی کمپنی نے غیر تربیت یافتہ گارڈ بھرتی کیے ہوئے تھے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں سیکیورٹی گارڈ رمضان کو اسلحہ سمیت فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

مقبول خبریں