قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری

نئی شرح کا اطلاق 21 مئی سے شروع، تمام اسکیموں پر علیحدہ علیحدہ لاگو ہوگی


ویب ڈیسک May 22, 2025

حکومت نے قومی بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کے بعد حکومت نے ملک میں افراطِ زر کی شرح میں حالیہ کمی کے نتیجے میں قومی بچت کی مختلف اسکیموں پر منافع کی شرح میں ایک فیصد تک کمی کردی ہے۔

اس حوالے سے محکمہ قومی بچت نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق نئی شرح کا اطلاق 21 مئی 2025 سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق منافع کی شرح میں ایک فیصد تک کمی کی گئی ہے، جس کا اطلاق مختلف بچت اسکیموں پر علیحدہ علیحدہ شرح سے ہوگا۔

سیونگ اکاؤنٹ پر منافع کی شرح ایک فیصد کمی کے بعد اب 9.5 فیصد ہوگی۔ اسی طرح ا سپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس پر منافع 30 بیسز پوائنٹس کمی کر کے 10.9 فیصد کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر منافع 18 بیسز پوائنٹس کم کر کے 11.52 فیصد، ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس کی منافع کی شرح 21 بیسز پوائنٹس کمی سے 11.91 فیصد ہو گئی ہے جب کہ بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ اور شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ پر منافع 24 بیسز پوائنٹس کمی کے بعد اب 13.4 فیصد دیا جائے گا۔

قومی بچت حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ افراط زر کی موجودہ رفتار اور مالیاتی پالیسی کے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں