برطانوی جنگی طیاروں نے قطرایئرلائن کی پروازکو مانچسٹرایئرپورٹ پراتارلیا

پائلٹ کی جانب سے کنٹرولر ٹاور کو مشتبہ ڈیوائس کی موجودگی کی اطلاع دی گئی جس کے بعدایئرپورٹ پرہنگامی حالت نافذ کردی گئی


ویب ڈیسک August 05, 2014
قطر ایئرلائنز کی پرواز کیو آر 023، 282 مسافروں کو لے کر دوحا سے مانچسٹر آرہی تھی۔ فوٹو۔ اسکائی نیوز

برطانوی جنگی طیاروں نے قطر ایئرلائن کی پرواز کیو آر 023 میں مشتبہ ڈیوائس کی موجودگی کی اطلاع پر اسے مانچسٹر ایئرپورٹ پر اتارلیا جبکہ جہاز کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر ایئرلائنز کی پرواز 282 مسافروں کو لے کر دوحا سے مانچسٹر آرہی تھی جسے پائلٹ کی جانب سے جہاز میں مشتبہ ڈیوائس کی موجودگی کی اطلاع پر ہنگامی طور پر مانچسٹر ایئرپورٹ پراتار لیا گیا۔ پائلٹ کی جانب سے کنٹرول ٹاور کو مشتبہ ڈیوائس کی موجودگی کی اطلاع دی گئی جس کے بعد فوری طور پر برطانوی جنگی طیارے حرکت میں آئے اور طیارے کو ایئرپورٹ پر اتار کر ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی۔


مانچسٹر ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے فوری بعد پولیس کے دستے طیارے میں داخل ہوئے اور سرچ آپریشن کے دوران ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا جس نے دھمکی دی تھی کہ وہ طیارے کو بم سے اڑا دے گا جبکہ مسافر کے پاس موجود سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ دوسری جانب قطر ایئرلائنز حکام کا کہنا ہے طیارے میں 269 مسافر اور عملے کے 13 اہلکار موجود ہیں۔


مانچسٹر ایئرپورٹ ترجمان کے مطابق جہاز کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد ایئرپورٹ پر ہنگامی سائرن بجائے گئے جبکہ اس موقع پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے طیارے کو گھیرے میں لے کرمسافروں کو بحفاظت نیچے اتار لیا جبکہ فورسز کے آپریشن کے دوران مانچسٹر ایئرپورٹ آنے والی پروازوں کو لیور پول اور لیڈز بریڈ فورڈ ہوائی اڈوں پر اتار لیا گیا ہے۔

مقبول خبریں