
پنجاب پولیس نے رحیم یار خان کے علاقے کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اقلیتی برادری کے 3 مغویوں کو 24 گھنٹے کے اندر بازیاب کروا دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رحیم یار خان پولیس نے نواز آباد کی حدود سے اغوا ہونے والے اقلیتی برادری کے تینوں مغوی 24 گھنٹے کے اندر بحفاظت بازیاب کروا لیے، جنہیں کچے کے مسلح ڈاکوؤں نے گزشتہ رات اسلحے کی نوک پر تینوں افراد کو اغوا کیا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ مغوی افراد کے اغوا کا مقدمہ تھانہ بھونگ رحیم یار خان میں درج تھا اور رحیم یار خان پولیس نے ڈی پی او عرفان علی سموں کی قیادت میں مغویوں کی بازیابی کے لیے اغوا کاروں کا تعاقب کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن میں تینوں مغوی بازیاب کروا لیے گئے اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروانے پر رحیم یار خان پولیس کو شاباش دی۔
ڈی پی او عرفان علی سموں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور کچہ کریمینلز کی سرکوبی اولین ترجیح ہے۔