کراچی:
خلیج کیمبے اور اس سے ملحقہ گجرات (انڈیا) پر موجود ہوا کے کم دباؤ کے زیر اثر کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، بارش ہوتے ہی مختلف علاقوں سے بجلی غائب ہوگئی، سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، شہریوں کو ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بارش سسٹم کے زیر اثر شیر شاہ، بلدیہ، ماڑی پور، ہاکس بے، شہید ملت روڈ، گلشن اقبال، پی ای سی ایچ ایس، یونیورسٹی روڈ، پی آئی ڈی سی، بزرٹا لائن اور کالا پل سمیت دیگر علاقوں میں تندوتیز ہواؤں کے سبب ہلکی سے تیز بارش ہوئی۔
دوسری جانب، خلیج کیمبے اور اس سے ملحقہ گجرات (انڈیا) پر موجود کم دباؤ کا علاقہ مغرب اور شمال مغرب کی طرف بڑھنے کے بعد محکمہ موسمیات نے سائیکلون کا دوسرا الرٹ بھی جاری کر رکھا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سے تقریباً 340 کلومیٹر جنوب مشرق میں سوراشٹرا، گجرات کے قریب ہے، امکان ہے کہ یہ نظام مغرب اور جنوب مغرب کی طرف بڑھے گا جبکہ رات یا کل صبح تک خلیج کَچھ کے ساتھ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں ابھرے گا۔
۔سازگار ماحولیاتی حالات، سمندر کی سطح کا درجہ حرارت، کم یا اعتدال پسند ونڈ شیئر اور بالائی سطح کے ڈائیورژن کی وجہ سے، کل تک سسٹم کے مزید شدت سے ڈپریشن میں جانے اور ابتدائی طور پر مغرب پھر جنوب مغرب کی سمت بڑھنے کا امکان ہے۔
سسٹم کے زیر اثر تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، میرپورخاص، بدین، شہید بینظیر آباد، نوشہروفیروز، حیدرآباد، جامشورو، ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے۔
سمندری حالات 45 سے 55 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ ناہموار اور بہت ناہموار رہنے کا امکان ہے۔ سندھ کے ماہی گیروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 2 اکتوبر تک گہرے سمندر میں نہ جائیں۔
پی ایم ڈی کا سائیکلون وارننگ سینٹر، کراچی سسٹم کی نگرانی کر رہا ہے۔
سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے بدترین ٹریفک جام
تیز بارش سے اہم شاہرائیں اور سڑکیں زیر آب آگئیں جس کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے سے شہریوں کی بہت بڑی تعداد بدترین ٹریفک جام میں بری طرح سے رل گئی۔
بارش کے باعث سڑکیں زیر آب آنے کی وجہ سے مین کورنگی روڈ، قیوم آباد چورنگی، شارع جام صادق پل، بروکس چورنگی، ویٹا چورنگی، کورنگی کراسنگ ندی روڈ، کاز وے روڈ، بلوچ کالونی ایکسپریس وے، شہید ملت فلائی اوور، شارع فیصل، نرسری، شارع قائدین، ڈرگ روڈ، راشد منہاس روڈ، یونیورسٹی روڈ، نیپا چورنگی، میلینئم مال، ڈالمیا روڈ، کار ساز روڈ، حسن اسکوائر، عیسیٰ نگری، جیل چورنگی، پرانی سبزی منڈی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، ایئر پورٹ، ماڈل کالونی، گڈاپ، گلستان جوہر، ماڑی پور روڈ، حب ریور روڈ، نارتھ ناظم آباد، کے ڈی اے چورنگی، بورڈ آفس، ناظم آباد، لسبیلہ، گرومندر، تین ہٹی، لیاقت آباد ڈاک خانہ، شارع اورنگی ٹاؤن، ڈیفنس، کلفٹن، برنس روڈ، صدر، شارع پاکستان، کریم آباد، حسین آباد اور غریب آباد سمیت دیگر علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں سوار خواتین اور دیگر شہری پیدل ہی اپنی منزل کی جانب چل دیئے۔
بارش کے باعث زیر آب سڑکوں کی وجہ سے موٹر سائیکلیں بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو دہری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ گیا اور وہ اپنی موٹر سائیکل کو پیدل ہی کھینچ کر لے جاتے ہوئے دکھائی دیئے۔
اس موقع پر شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں کہیں تیز اور ہلکی بارش نے نہ صرف بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کا پول کھول دیا بلکہ ٹریفک پولیس بھی ٹریفک کو روانی کو برقرار رکھنے میں بری طرح سے ناکام دکھائی دی جس کا خمیازہ شہریوں کو بدترین ٹریفک جام کی شکل میں برداشت کرنا پڑا۔
بارش کا سسٹم کمزور پڑگیا
محکمہ موسمیات کے مطابق ریڈار سے موصول ہونے والی نئی تفصیلات اور تصاویر کے سے واضح ہوا ہے کہ کراچی میں منگل کی دوپہر سے رات تک دو سے تین اسپیل کے دوران کہیں ہلکی و درمیانی اور کہیں تیز بارشوں کا سبب بننے والا سسٹم کمزور پڑگیا تاہم مکمل طور پر ختم نہیں ہوا، سسٹم کے اثرات کی وجہ سے بدھ کو کراچی میں ہلکی بارش کا امکان برقرار ہے۔
بارش کے سبب مختلف علاقوں میں بجلی بند
کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارش کے سبب 60 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ بجلی کی بندش کے سبب شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ملیر، گلشن معمار، لیاری، کیماڑی، لیاقت آباد، کورنگی سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی بندش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
سب سے زیادہ بارش اولڈ ائیرپورٹ پر33.7 ملی میٹر ریکارڈ
محکمہ موسمیات نے بارش کے اعداد و شمارجاری کردیے، سب سے زیادہ بارش اولڈ ائیرپورٹ پر 33.7 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، پی اے ایف بیس فیصل 29 ملی میٹر، ڈی ایچ اے فیز ٹو 26.8، گلشن حدید 25 ملی میٹر، جناح ٹرمینل 20.8، کورنگی 20.5ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ 8.4 ملی میٹر، کیماڑی 7.5ملی میٹر، ناظم آباد 1.4ملی میٹر جبکہ سب سے کم بارش پی اے ایف بیس مسرور پر ایک ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔