بلدیاتی انتخابات 2025 کا میلہ سج گیا، 2433 امیدوار، 642 وارڈز میدان میں

الیکشن کمیشن بلوچستان نے مکمل تیاریاں مکمل کر لی ہیں جبکہ شہر بھر میں انتخابی مہم عروج پر پہنچ چکی ہے


سردار حمید خان December 11, 2025

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں طویل انتظار کے بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد 28 دسمبر 2025ء کو ہو گا۔

الیکشن کمیشن بلوچستان نے مکمل تیاریاں مکمل کر لی ہیں جبکہ شہر بھر میں انتخابی مہم عروج پر پہنچ چکی ہے۔ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے 172 یونین کونسلوں کی کل 642 وارڈز پر مجموعی طور پر 2 ہزار 433 امیدوار جنرل کونسلر کے عہدے کے لیے میدان میں ہیں۔

شہر کو انتظامی سہولت کے لیے چار ٹاؤنوں زرغون، چلتن، سریاب اور تکتو میں تقسیم کیا گیا ہے جسکی ٹاؤن وائز تفصیلات یہ ہیں: زرغون ٹاؤن: 46 جنرل نشستوں پر 730 امیدوار مد مقابل ہوں گے جبکہ چلتن ٹاؤن: 46 جنرل نشستوں پر 500 امیدوار اور اسی طرح سریاب ٹاؤن: 38 جنرل نشستوں پر 339 امیدوار جبکہ تکتو ٹاؤن: 42 جنرل نشستوں پر 804 امیدوار کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔

سب سے زیادہ مقابلہ تکتو ٹاؤن میں دیکھنے میں آ رہا ہے جہاں ایک نشست کے لیے اوسطاً 19 امیدوار مدِ مقابل ہیں جبکہ زرغون ٹاؤن میں بھی سخت مقابلہ متوقع ہے۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پولنگ کے دن شہر بھر میں 642 پولنگ اسٹیشنز اور 2 ہزار 113 پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے۔ حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے اور فوج و ایف سی کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔

شہریوں میں انتخابات کے حوالے سے غیر معمولی جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور تمام سیاسی جماعتیں بھرپور انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔ 

مقبول خبریں