ایک امریکی اسٹارٹ اپ کمپنی ایک نیا سوشل نیٹورک شروع کرنے جا رہی ہے جو ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدنے سے قبل پلیٹ فارم کی حقیقی فعالیت اور برانڈنگ کو بحال کرے گی۔
آپریشن بلیو برڈ نامی ورجینیا کی مقامی کمپنی نے یو ایس پیٹنٹ اینڈ ٹریڈ مارک آفس (یو ایس پی ٹی او) میں ایک پٹیشن فائل کی ہے کہ کمپنی کو ٹوئٹر کے ترک شدہ ٹریڈ مارک حاصل کرنے کی اجازت دی جائے۔
ٹوئٹر کو جولائی 2023 میں ری برانڈ کر کے ایکس میں بدل دیا گیا تھا۔ اس عمل سے نو ماہ قبل ایلون مسک نے 44 ارب ڈالر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو خریدا تھا۔
کمپنی ابھی ٹوئٹر ڈاٹ کام ویب سائٹ کی مالک ہے جو ری ڈائریکٹ ہو کر ایکس ڈاٹ کام پر چلی جاتی ہے لیکن اس کے پرانے نشانات یا ریفرینسز کو ہٹا دیا گیا ہے۔
ایکس نے لوگو پر بنی چڑیا سے جڑی اصطلاح کو بھی تبدیل کردیا ہے۔ ’برڈ واچ‘ نامی فیکٹ چیکنگ پروگرام کا نام بدل کر اپ ’کمیونٹی نوٹس‘ رکھ دیا گیا ہے۔