سندھ حکومت کی مستحق کھلاڑیوں کو ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالی امداد فراہم کرنے کی منظوری

کھلاڑیوں کی بیوائیں بھی مالی امداد کے لیے درخواست جمع کروا سکتی ہیں


اسپورٹس رپورٹر January 25, 2026

کراچی:

سندھ حکومت نے انڈومنٹ فنڈ کے تحت 230 کھلاڑیوں کو ایک کروڑ 25 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔

صوبے کے مستحق اور ضرورت مند کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے انڈومنٹ فنڈ کے تحت سالانہ بنیادوں پر مالی امداد فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ معاشی مشکلات کے دباؤ سے بالا تر ہوکرکھیلوں سے وابستہ رہ سکیں۔

سیکریٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر کی زیر صدارت انڈومنٹ کمیٹی کے سالانہ اجلاس میں  30 مرحومین کھلاڑیوں کی بیواؤں کیلئے مالی امداد کی منظوری بھی دی گئی۔

درخواست دہندگان میں ہاکی، فٹبال، باکسنگ، کوڈی کوڈی، ملھ پہلوانی سمیت دیگر کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی شامل تھے۔

سیکریٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر کا کہنا تھا کہ  شدید بیماری میں مبتلا کھلاڑی یا انتقال کر جانے والے کھلاڑیوں کی بیوائیں بھی مالی امداد کیلئے درخواست جمع کروا سکتی ہیں۔

مقبول خبریں