جونا گڑھ فیملی کیخلاف جھوٹی ویڈیو بنانے والا یوٹیوبر جسمانی ریمانڈ پر سائبر کرائم کے حوالے

ملزم کیخلاف جونا گڑھ کے سابق نواب کی بیٹی نے مقدمہ سائبر کرائم ایجنسی میں درج کروایا تھا


کورٹ رپورٹر January 26, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے نواب آف جونا گڑھ فیملی کیخلاف مبینہ جھوٹی ویڈیو بنانے کے مقدمے میں ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر سائبر کرائم ایجنسی کے حوالے کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے روبرو یوٹیوب پر کردار کشی اور نواب آف جونا گڑھ فیملی کیخلاف مبینہ جھوٹی ویڈیو بنانے کے مقدمے میں سائبر کرائم نے ملزم مدثر خان کو عدالت میں پیش کیا۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم اور اس کے ساتھیوں نے جھوٹ پر مبنی ویڈیو اپلوڈ کی۔ ویڈیو میں مدعیہ اور اس کے خاندان کی کردار کشی کی گئی۔ ملزم نے یوٹیوب چینل "The legends" سے ویڈیو اپلوڈ کی تھی۔

ملزم کو اسلام اباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اسلام آباد کی کورٹ سے راہداری ریمانڈ حاصل کر کے ملزم کو کراچی لایا گیا ہے، ملزم سے مزید تفتیش کرنا مقصود ہے۔

عدالت نے ملزم کا 28 جنوری تک جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ بھی طلب کر لی۔ ملزم کیخلاف جونا گڑھ کے سابق نواب کی بیٹی نے مقدمہ سائبر کرائم ایجنسی میں درج کروایا تھا۔

مقبول خبریں