ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت کا فیصلہ چند روز بعد ہوگا، چیئرمین پی سی بی

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کا فیصلہ کرلیا گیا ہے


اسپورٹس ڈیسک January 26, 2026

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت کا فیصلہ چند روز بعد ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد چیئرمین پی سی بی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ ورلڈکپ میں شرکت کا حتمی فیصلہ جمعہ یا آئندہ پیر کو کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے بڑی اچھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر اعظم کو آئی سی سی معاملے پر بریفنگ دی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے تمام آپشنز کو زیر نظر رکھتے ہوئے معاملہ حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی کی ملاقات میں مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔

ملاقات میں بنگلادیش کو میگا ایونٹ سے باہر نکالے جانے پر احتجاجاً ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بائیکاٹ،  بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار اور پاکستانی ٹیم کے ورلڈکپ کے میچز میں سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کرنے پر غور کیا گیا۔

اس کے علاوہ ورلڈ کپ میچز کی جیت کو بنگلادیش کرکٹ فینز کے نام کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔

یاد رہے کہ بنگلادیشی کھلاڑی کو سیکیورٹی وجوہات کا بہانہ بناکر آئی پی ایل سے نکالے جانے کے بعد بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنی ٹیم کو بھارت بھیجنے سے منع کردیا تھا۔

بنگلادیش نے مؤقف اپنایا کہ جس ملک کے سیکیورٹی اداروں سے ہمارے ایک کھلاڑی کی حفاظت ممکن نہیں وہاں پوری ٹیم کو سیکیورٹی کیسے فراہم کی جائے گی۔

تاہم آئی سی سی نے دوہرا معیار اپناتے ہوئے بنگلادیشی مؤقف کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور بنگلادیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کرلیا۔

چیئرمین پی سی بی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے بھارت میں نہ کھیلنے کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بنگلادیش کا مؤقف اصولوں پر مبنی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے دوہرے معیار کو مسترد کرتا ہے۔

مقبول خبریں