بلوچستان میں پاک افواج زندہ باد ریلی کا انعقاد، ہزاروں افراد کی شرکت

مٹھی بھر دہشت گرد اپنے مکروہ عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، سردار عبدالرحمان کھیتران


سردار حمید خان February 04, 2026

کوئٹہ:

بلوچستان کے ضلع بارکھان میں ایک عظیم الشان پاکستان زندہ باد اور پاک افواج زندہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے کی۔

ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں مقامی عوام نے شرکت کی اور ہاتھوں میں پاکستان کے سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے وطن عزیز اور مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔

ریلی بارکھان سے شروع ہوئی اور رکھنی تک پہنچی جہاں صوبائی وزیر سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان ہمارا وطن ہے اور اس کے دفاع اور سلامتی کے لیے ضلع بارکھان کے عوام صف اوّل میں کھڑے ہیں۔ پاک افواج کے جوان ہماری عزت اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد اپنے مکروہ عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے اور اب ہم سب کو مل کر پاک افواج اور حکومت کے ہاتھ مزید مضبوط کرنے ہیں تاکہ آخری دہشت گرد کو بھی اس پاک سرزمین سے صاف کیا جا سکے۔

سردار عبدالرحمن کھیتران نے رکھنی کی تاریخی پہچان پر بھی بات کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ رکھنی کو حال ہی میں ڈویژن کا درجہ ملنے پر خوشی ہے کیونکہ اس سے علاقے میں ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے لیکن نام کی تبدیلی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ رکھنی کو کوہ سلیمان نہیں بلکہ رکھنی ڈویژن ہی ہونا چاہیے۔ یہ صدیوں پرانی پہچان ہے، دو سو سال سے رکھنی کے نام سے جانی جاتی ہے اور آئندہ بھی یہی نام رہے گا۔

انہوں نے بارکھان اور کھیتران قوم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہر مشکل گھڑی اور انتخابات میں ان پر اعتماد کیا، میرا جینا مرنا اپنی قوم کے ساتھ ہے، اور بارکھان کی ترقی و خوشحالی میرا اولین مشن ہے۔ مخالفین کے پروپیگنڈے کا جواب ہم اپنے عمل سے دیں گے، جلسہ کے اختتام پر صوبائی وزیر نے موجود ہزاروں افراد سے ملک کی سلامتی اور پاک افواج کی حمایت کا عہد لیا جس پر سب نے لبیک کہہ کر اپنا عزم ظاہر کیا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ بارکھان کی خوشحالی کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ یہ ریلی نہ صرف بارکھان بلکہ پورے بلوچستان سے ایک واضح پیغام ہے کہ صوبے کے عوام پاکستان کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کے خلاف ہیں اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

مقبول خبریں