پشاور:
خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور ریوائیول پلان کے لیے 173 ارب 78 کروڑ مالیت کے منصوبوں کی منظوری دے دی۔
کے پی حکومت کے مطابق ان منصوبوں میں سڑکوں، انڈر پاسز، لنک روڈ، پیرزکوڑی پل سے جمرود تک بجلی تاریں زیر زمین بچھانے کے منصوبوں سمیت جنازہ گاڑیاں خریدنے اور بڈھنی نالے کی تعمیر، فروٹ ، سبزی اور چار مذبحہ بنانے کے منصوبے شامل ہیں۔
موجودہ مالی سال میں ان منصوبوں کے لیے 33 ارب 73 کروڑ روپے مانگ لیے گئے ہیں، وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور کے لیے سو ارب روپے ترقیاتی منصوبے کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں اضافی منصوبوں کو شامل کرنے کے بعد ترقیاتی پیکج کی مالیت 173 ارب 70 کروڑ 78 لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختلف محکموں کے لیے فنڈز مختص کیے ہیں، محکمہ بلدیات کے لیے 95 ارب 21 کروڑ، ڈبلیو ایس ایس پی کے لیے 43 ارب 26 کروڑ، میٹرو پولیٹین اور ٹی ایم ایز کے لیے 3 ارب 97 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
پشاور میں جو منصوبے شروع کیے جارہے ہیں ان میں رنگ روڈ کے لئے 9 ارب 84 کروڑ، جمرود روڈ ، یونیورسٹی روڈ اور رنگ روڈ پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور بجلی کھمبوں کے لیے 56 کروڑ، انڈر پاسز 9 کے لیے ارب 93 کروڑ، اضاخیل کے قریب مصنوعی جنگل کی تعمیر کے لیے 92 کروڑ، پشاورمیں 34 پارکوں کے لیے ایک ارب روپے 35 سڑوں کی تعمیر کے لیے 19 ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
پیرز کوڑی فلائی سے خیبرروڈ اور جمروڈ روڈ تک تاریں زیر زمین بچھانے کا مںصوبہ ہے جس پر 5 ارب 24 کروڑ روپے لاگت آئے گی، اس منصوبے میں نئے ٹرانسفارمرز بھی لگائے جائیں گے۔ یونیورسٹی روڈ رامداس لاہوری میں انڈر پاسز کا منصوبہ بھی شامل ہیں، حیات آباد سے خیبر روڈ لنک روڈ کا منصوبے کے لیے تین ارب روپے کا مںصوبہ کا منصوبہ بھی شامل ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ ان منصوبوں پر 30 جون سے پہلے کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور حکومت سے 33 ارب روپے کے فنڈز بھی مانگ کیے گئے ہیں جب کہ کابینہ اجلاس میں ان منصوبوں کی رپورٹ بھی پیش کی گئی ہے۔
منصوبوں میں ناصر باغ سے بائی پاس تک سڑک کی تعمیر کے لیے 9 ارب، تھیم پارک کے لیے 2 ارب، چار جنازہ گاڑیوں کی خریداری کے لیے 17 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، پشاور میں فروٹ و سبزی منڈی، چار ذبیحہ خانوں کی تعمیر کے منصوبے بھی شامل ہیں جبکہ بڈھنی نالہ کی تعمیر کے لیے 5 ارب 52 کروڑ بھی مختص کیے گیے ہیں۔