صدر مملکت آصف علی زرداری کے دورہ چین کے دوران دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان تعمیراتی مشینری اور میڈیکل ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں کے دو مفاہمتی یاد داشتوں اور ایک معاہدے پر دستخط ہوئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان اور چین کے اداروں کے درمیان دو مفاہمتی یادداشتوں اور ایک معاہدے پر دستخط کی تقریب چین کے شہر سانیا میں منعقد ہوئی، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے شرکت کی جہاں پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ دوستی پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعمیراتی مشینری، حیوانات کی صحت اور میڈیکل ٹیکنالوجی سے متعلق مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے، الحسن ٹریڈ اسٹیبلشمنٹ، سینی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ اور ہینان جیالونگ انٹرنیشنل ٹیکنالوجی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، جس کے تحت سہ فریقی تعاون کے ذریعے سی پیک سے متعلق تعمیراتی مشینری اور آلات کی فراہمی کو فروغ ملے گا اور پاکستان میں فیکٹریوں کے قیام کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
مذکورہ مفاہمتی یادداشت پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، نائب صدر سینی گروپ لی چن اور چیئرمین ہاؤ جیالونگ نے دستخط کیے۔
مزید برآں پاکستان میں حیوانات کی صحت کے لیے ویکسینز، خصوصاً منہ کھر کی بیماری کی ویکسین کی فراہمی کے لیے ایک مشترکہ منصوبے کا معاہدہ بھی طے پایا، جس میں جانوروں کے لیے ٹریک اور ٹریس ایبلٹی سسٹمز کے نفاذ پر مستقبل کے تعاون کی شق بھی شامل ہے۔
اس معاہدے پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور لوئیانگ ماڈرن بایولوجی گروپ کے چیئرمین وانگ شانپو نے دستخط کیے۔
علاوہ ازیں ڈاکٹر ضیاالدین اسپتال اور شینزن وی بانگ ٹیکنالوجی کے درمیان میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد کلینیکل میڈیسن میں طبی ذہین روبوٹس کے جدید استعمال کو فروغ دینا ہے۔
اس مفاہمتی یادداشت پر ڈاکٹر ضیاالدین اسپتال کے ڈاکٹر انوپ کمار داوانی اور شینزن وی بانگ ٹیکنالوجی کے ڈپٹی جنرل منیجر مسٹر ڈینگ ہائی تاؤ نے دستخط کیے۔