ایران نے جوہری پروگرام سے 15 سال کیلئے دستبرداری کی تجویز نہیں دی، وضاحت

میڈیا کی رپورٹس تصوراتی بنیاد پر گھڑی گئی ہیں کیونکہ منصوبے میں یہ نکات شامل نہیں، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ


ویب ڈیسک May 04, 2026
فوٹو: فائل

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکا کو دیے گئے 14 نکات میں 15 سال کے لیے جوہری پروگرام سے دستبرداری کی میڈیا رپورٹ کو جھوٹ قرار دے دیا۔

ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے الجزیرہ کی رپورٹ سمیت ان حالیہ دیگر رپورٹس کو مسترد کردیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 14 نکات میں ایران نے 15 سال کے لیے جوہری پروگرام معطل کرنے کی تجویز دی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ امریکا اور ایران کی جانب سے مشترکہ طور پر آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کے لیے کام کرنے کی تجویز بھی نہیں ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ یہ ایسی باتیں ہیں جس کے بارے میں میرا ماننا ہے کہ چند میڈیا اداروں کے تصورات کے ذریعے جھوٹی رپورٹ بنائی گئی ہے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا بنیادی طور پر سفارتی اور سیکیورٹی کی توجہ پورے خطے میں جارحیت روکنا ہے اور خاص طور پر لبنان میں جارحیت روکنا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ جہاں تک فیصلوں کا معاملہ ہے تو وہ مناسب وقت پر کیے جائیں گے لیکن اس وقت جوہری معاملہ مذاکرات کا حصہ نہیں ہے۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا نے ایران کے 14 نکات کا جواب پاکستان کے ذریعے پہنچا دیا ہے اور ہم اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔