اسمگل موبائلز پر جرمانہ ختم کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل پر فیصلہ جاری

جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نےقراردیا جرمانہ ختم کرنےکی حد تک ٹریبونل کافیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے


ویب ڈیسک May 04, 2026

لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان میں ایئرپورٹ پر گرین چینل کے ذریعے موبائل فون اسمگل کرنے کے معاملے پر کسٹمز اپیلیٹ ٹریبونل کی جانب سے اسمگل موبائلز پر جرمانہ ختم کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل پر فیصلہ جاری کر دیا گیا۔

جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے قرار دیا کہ جرمانہ ختم کرنے کی حد تک ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔

فیصلے کے مطابق ملزمان بیرونِ ملک سے پرواز کے ذریعے اپنے ہمراہ سامان میں متعدد موبائل فونز لے کر آئے، جن پر ڈیوٹی عائد ہوتی تھی اور مبینہ طور پر ظاہر نہ کرنے پر ضبط کر لیے گئے۔

پندرہ جنوری 2019 کے ایس آر او کے تحت ڈیوٹیز، ٹیکسز اور ضبطی کے بدلے جرمانہ عائد کرنے پر موبائلز واپس کر دیے گئے۔ ٹریبونل نے زیرِ اعتراض احکامات میں کسٹمز ایکٹ 1969 کی دفعہ 156(1) اور دفعہ 8(1)(e) کے تحت عائد کردہ ذاتی جرمانہ ختم کر دیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ فریقین کے معزز وکلاء اس بات پر متفق ہوئے کہ زیرِ اعتراض احکامات میں ٹریبونل نے ان مقدمات کے حقائق و حالات کا جائزہ نہیں لیا اور حقائق و حالات کا جائزہ لینے کی بجائے کہ جرمانہ قابلِ اطلاق تھا یا نہیں، ایس آر او کی بنیاد پر جرمانہ ختم کر دیا، اس مفروضے کے تحت کہ ایس آر او کے بعد جرمانہ کسی صورت عائد نہیں کیا جا سکتا۔

معزز وکلاء اس بات پر متفق ہوئے کہ جرمانے کی حد تک معاملہ ٹریبونل کو واپس بھیجا جائے، لہٰذا معاملہ ٹریبونل کو واپس بھیجا جاتا ہے تاکہ جرمانے کے سوال اور وجوہات پر مبنی اور واضح حکم جاری کرے، اور ٹریبونل اس حکم کی مصدقہ نقل موصول ہونے کے بعد ترجیحاً 60 دن کے اندر اندر فیصلہ کرے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ کسٹمز حکام ٹریبونل کے حکم کے مطابق متعلقہ سامان فریقِ مخالف کو جاری کریں۔

رانا محمد مہتاب، وکیل کسٹم کے مطابق پاکستان کے ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے مالیت کے موبائلز سمگل کیے جاتے ہیں، سمگلر ملی بھگت کے ذریعے ایئرپورٹ پر گرین چینل سے موبائل لے جاتے ہیں، اور سمگل موبائل پکڑے جانے پر ضبط کرنے کی بجائے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

ان کے مطابق ٹریبونل نے 2022 سے اب تک تمام موبائل سمگلرز کے جرمانے معاف کر دیے ہیں، اور عدالت سے استدعا کی گئی کہ ٹریبونل کی جانب سے جرمانہ ختم کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔