ایف آئی اے امیگریشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر بیرونِ ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی جبکہ مسافر کو آف لوڈ کردیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشتبہ دستاویزات پر مسافر بابر خالد کو جی آراو ریفر کیا گیا جہاں تفصیلی جانچ کے دوران اہم انکشافات سامنے آئے۔
ترجمان نے بتایا کہ جنوبی افریقہ جانے والا مسافر جعلی این او سی کے ساتھ پکڑا گیا جبکہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کا پیش کردہ این او سی جعلی اور فرضی قرار دیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق مسافر کا ڈیپارٹمنٹل شناختی کارڈ بھی مشکوک پایا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ مسافر نے اپنے کزن اسامہ طارق کی مدد سے جعلی این او سی تیار کروایا۔
ترجمان کے مطابق مسافر کے موبائل فون سے متعدد جعلی این او سی ٹیمپلیٹس بھی برآمد ہوئے ہیں جس کے بعد منظم جعلسازی نیٹ ورک کے آثار سامنے آئے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق مسافر نے اعتراف کیا کہ بیرونِ ملک سفر کے لیے دھوکہ دہی سے دستاویزات حاصل کیے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ مسافر کو آف لوڈ کرکے اے ایچ ٹی سی کراچی کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔