190 ملین پاؤنڈ کیس: سلمان صفدر کی جانب سے کیس ملتوی کرنے کی استدعا منظور

اسلام آباد ہائیکورٹ، 190 ملین پاؤنڈ کیس، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی


ویب ڈیسک May 07, 2026

اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر کے جونیئر وکیل عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ آج ہم نے التواء دائر کر رکھی ہے، عدالت نے درخواست کے متن کو پڑھنے کی ہدایت کی۔

سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کی جبکہ نیب اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد اور رافع مقصود عدالت میں پیش ہوئے۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر پیش نہیں ہوئے، عدالت کی ہدایت پر کیس ملتوی کرنے کی متفرق درخواست پڑھی گئی۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ بتائیں اپیل کس نے فائل کی ہے، اور بار بار ملاقاتیں کرنا ہے، کیا بات ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ اب یہ بات میڈیا میں بھی آنی چاہیے۔

اس پر وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ کیس یہاں چلانا ہے یا میڈیا میں چلانا ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ چلیں اس بہانے آج شعیب شاہین کی آواز بھی سن لی۔

عدالت نے کیس کی سماعت 20 مئی تک ملتوی کردی، بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے کیس ملتوی کرنے کی استدعا منظور کرلی گئی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم کیس کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے التوا کی درخواست منظور کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کو آخری موقع دیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی وکیل فتح اللہ برکی نے کہا کہ سر آپ کے حکم پر عملدرآمد نہیں ہو رہا اور لارجر بینچ کے فیصلے پر بھی عمل نہیں ہو رہا، انہوں نے کہا کہ جب سے فیصلہ آیا ہے بانی اور بشریٰ بی بی سے ایک دن بھی شیڈول کے مطابق ملاقات نہیں ہوئی۔

سماعت کے بعد چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف چیمبر میں چلے گئے، چیف جسٹس نے کہا کہ امید ہے آئندہ سماعت پر کیس کی کارروائی آگے بڑھے گی۔