پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے ایک اور تاریخی کارنامے میں پاکستان میں پہلی کامیاب اینڈوسکوپک کارڈیک سرجری مکمل کرلی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں پہلی بار دل کے والو اور دل کے سوراخ کا کامیاب اینڈوسکوپک علاج کیا گیا۔ کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پیچیدہ دل کی سرجری کی گئی اور مریض تیزی سے صحت یاب ہوا۔
ڈاکٹر مجیب داوڑ، پیڈز کارڈیاک سرجن کا کہنا تھا کہ جدید اینڈوسکوپک طریقہ علاج میں سینہ مکمل طور پر کھولے بغیر چھوٹے کٹ اور کیمروں کی مدد سے آپریشن کیا گیا۔ پی آئی سی پاکستان میں امراض قلب کے جدید اور کم تکلیف دہ علاج متعارف کروانے والا نمایاں ادارہ بن گیا۔
ڈاکٹر مجیب داوڑ نے کہا کہ ایک بہترین ٹیم ورک کے باعث کامیابی ممکن ہوئی۔ انڈوسکوپک سرجری کے باعث مریض کو کم درد، کم خون ضائع ہونے اور جلد صحت یابی میں مدد ملتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں عالمی معیار کا علاج صوبے کے عوام کو دہلیز پر فراہم کریں۔
ڈاکٹر پروفیسر شاہکار احمد شاہ، ڈین پی آئی سی کا کہنا تھا کہ کامیاب سرجری پی آئی سی کیلئے ایک اوربڑی کامیابی ہے جس پر فخر ہے۔