پاک فوج کا مقامی طور پر تیار ”فتح-4“ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ

جدید ایویانکس، جدید ترین نیویگیشنل نظام سے لیس میزائل سسٹم طویل فاصلےکےاہداف کوانتہائی درستگی سےنشانہ بناتا ہے


ویب ڈیسک May 14, 2026

پاک فوج کے آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ ”فتح-4“ گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جدید ایویانکس اور جدید ترین نیویگیشنل نظام سے لیس یہ میزائل سسٹم طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس تربیتی تجربے کا مقصد فوجی دستوں کی آپریشنل استعداد میں اضافہ اور بہتر درستگی و بقا کی صلاحیت کے لیے شامل مختلف ذیلی نظاموں کے تکنیکی پہلوؤں کی جانچ کرنا تھا۔

ترجمان کے مطابق اس تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے سینئر افسران کے علاوہ میزائل تیار کرنے والے ادارے کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صدرِ مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف، سی ڈی ایف، سربراہ پاک بحریہ اور سربراہ پاک فضائیہ نے ”فتح-4“ کے کامیاب تجربے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے ”فتح“ سیریز کے میزائل پروگرام میں حصہ لینے والے تمام افراد کی فنی مہارت، محنت اور عزم کو بھی سراہا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قوم کو مبارکباد دی اور  کہا کہ یہ کامیاب تجربہ آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے سائنسدانوں اور انجینئرز کا قابلِ تحسین کارنامہ ہے، انہوں نے کہا کہ فتح-4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ دفاعی شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کی محنت اور کارکردگی پر فخر ہے، پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فتح-4 میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان آرمی کو کامیاب میزائل تجربے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ فتح-4 میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط بنائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کروز میزائل ”فتح-4“ کے کامیاب تجربے پر افواجِ پاکستان، سائنسدانوں، انجینئرز اور قوم کو مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فتح-4 میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط اور ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستانی سائنسدانوں، انجینئرز اور سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ایویانکس اور نیویگیشنل نظام سے لیس فتح-4 میزائل پاکستان کے دفاعی نظام میں اہم اضافہ ثابت ہوگا۔