جاپان کے شہر اتسونومیا میں ایک خطرناک ریچھ کی موجودگی نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ صورتحال اس قدر سنگین ہو گئی کہ شہر کے اسکول بند کر دیے گئے جبکہ لوگ گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے۔
مقامی حکام کے مطابق تقریباً 5 لاکھ آبادی پر مشتمل یہ شہر، جو ٹوکیو سے تقریباً 100 کلومیٹر شمال میں واقع ہے، ہفتے کی شام اس وقت خوف کی لپیٹ میں آیا جب ایک رہائشی علاقے کے قریب واقع پارک میں ریچھ کو پہلی بار دیکھا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریچھ کی کھلے عام موجودگی اور سیکیورٹی کیمروں میں اس کی فوٹیج سامنے آنے کے بعد شہر کے 94 پرائمری اور جونیئر ہائی اسکول فوری طور پر بند کر دیے گئے۔ حکام نے حفاظتی خدشات کے باعث تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔
وائرل ہونے والی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بڑا ریچھ شہر کی گلیوں میں بے خوفی سے گھوم رہا ہے اور بعض مواقع پر سامنے آنے والے افراد پر حملہ آور ہونے کی کوشش بھی کرتا ہے۔ اس مناظر نے شہریوں میں مزید خوف پیدا کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ ریچھ گزشتہ تین روز سے شہر کی مصروف گلیوں، شاپنگ ایریاز اور فیکٹریوں کے آس پاس مسلسل دیکھا جا رہا ہے، تاہم مقامی انتظامیہ تاحال اسے قابو کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی اور صورتحال بدستور تشویشناک ہے۔
یاد رہے کہ جاپان کے مختلف شہری علاقوں میں ریچھوں کے داخل ہونے اور حملوں کے واقعات میں حالیہ عرصے کے دوران اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اسی تناظر میں حکومت نے رواں سال ایک خصوصی ٹاسک فورس بھی قائم کی ہے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
گزشتہ ہفتے شمال مشرقی شہر فوکوشیما میں بھی ریچھ کے حملے میں کم از کم چار افراد زخمی ہو گئے تھے، جبکہ صنعتی علاقے میں نصب کیمروں نے ایک ریچھ کو فیکٹری کے باہر ایک کارکن کا تعاقب کرتے اور اسے زمین پر گرانے کا منظر بھی ریکارڈ کیا تھا، جس نے صورتحال کی سنگینی کو مزید واضح کر دیا ہے۔