غیر قانونی سمندری نقل و حرکت اور اسمگلنگ نیٹ ورک کا انکشاف، پانچ افراد گرفتار

لانچ "العرفان" کے ذریعے افراد کو غیر قانونی سمندری راستوں سے بیرون ملک منتقل کیا جاتا تھا، حکام


ویب ڈیسک June 13, 2026

ایف آئی اے کراچی سی پورٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی سمندری سرگرمیوں اور اسمگلنگ میں ملوث پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔

 ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں علی محمد عرف حاجی (لانچ مالک)، عبدالسلام (لانچ الشیخ فردوس کا کپتان)، یوسف پلانی، عمران اور علی اکبر شامل ہیں۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ لانچ “العرفان” کے ذریعے افراد کو غیر قانونی طور پر سمندری راستوں سے بیرون ملک منتقل کیا جاتا تھا جبکہ بعض افراد کو بعد ازاں لانچ “الشیخ فردوس” کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے پاکستان واپس بھی لایا جاتا رہا۔ امیگریشن ریکارڈ کی جانچ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان افراد کی ملک سے کسی قانونی روانگی کا ریکارڈ موجود نہیں۔

ملزمان کے مطابق غیر قانونی واپسی کے لیے فی کس تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے وصول کیے جاتے تھے جبکہ بعض افراد کو دو ماہ تک لانچ میں چھپائے رکھا گیا۔

مزید تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ یہ گروہ بلوچستان کے ساحلی راستوں کے ذریعے شراب، سگریٹ، ڈیزل، چاندی اور دیگر ممنوعہ اشیا کی اسمگلنگ میں بھی ملوث رہا ہے۔

جانچ کے دوران چار سی مین بکس مشکوک پائے گئے جن میں سے ایک پر 12 دسمبر 2026 کی آئندہ تاریخ درج تھی جس پر جعلسازی کے شبہات کے تحت مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ابتدائی شواہد کے مطابق لانچ “العرفان” کی دبئی میں فروخت اور اس کی رقم کی ہنڈی/حوالہ کے ذریعے پاکستان منتقلی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ اسی طرح دورانِ کارروائی کپتان عبدالسلام کو مبینہ طور پر 38 لاکھ روپے منتقل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا جس کی تحقیقات جاری ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق ڈیجیٹل شواہد، مالی لین دین اور اسمگلنگ نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کی شناخت کے لیے تفتیش مزید آگے بڑھائی جا رہی ہے۔