بیوی کو 120 مردوں کیساتھ جنسی تعلق پر مجبور کرنے والے شوہر کو قید کی سزا

ملزم اپنی بیوی کو قابو میں رکھنے کیلیے زندہ جلانے کی دھمکی دیتا، منشیات استعمال کراتا اور کیمروں سے نگرانی کرتا تھا


ویب ڈیسک June 18, 2026
سویڈن میں 61 سالہ شوہر جبراً بیوی کیساتھ غیر مردوں سے جنسی عمل کرواتا تھا

سویڈن کی ایک عدالت نے اپنی بیوی کو دھمکیوں، تشدد اور کڑی نگرانی کے ذریعے 120 سے زائد مردوں کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنے پر مجبور کرنے والے 61 سالہ شوہر کو قید کی سزا سنا دی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سویڈن کے مشرقی ساحلی شہر ہارنوسینڈ کی ضلعی عدالت نے ملزم کو اقدامِ زیادتی، جبراً جنسی خدمات کی فراہمی، تشدد اور غیر قانونی دھمکیوں سمیت متعدد جرائم میں مجرم قرار دیدیا۔

استغاثہ کے مطابق ملزم نے 2022 سے اپنی اہلیہ کو زبردستی مختلف مردوں کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنے پر مجبور کرنا شروع کیا۔ یہ مرد ملک بھر سے ان کے کرمفورس میں واقع ایک ویران فارم ہاؤس پر آتے تھے اور اس کے عوض رقم ادا کرتے تھے۔

یہ معاملہ اکتوبر 2025 تک جاری رہا جب خاتون گھر میں لگے کیمروں سے آنکھ بچا کر کسی طرح فرار ہونے میں کامیاب ہوگئیں اور تھانے پہنچ کر پولیس میں شکایت درج کرا دی۔

سرکاری نشریاتی ادارے ایس وی ٹی کے مطابق خاتون کو معلوم تھا کہ گھر میں کیمرے کہاں نصب ہیں چنانچہ وہ ایک ایسے حصے سے نکلنے میں کامیاب ہوئیں جہاں کیمروں کی نگرانی نہیں تھی اور وہاں سے پولیس کو اطلاع دی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم اپنی بیوی کو قابو میں رکھنے کے لیے منشیات استعمال کراتا، گھر میں نصب سیکیورٹی کیمروں کے ذریعے اس کی نگرانی کرتا اور اسے قتل، زندہ جلانے، جسم پر پٹرول چھڑکنے اور انگلیاں کاٹنے جیسی سنگین دھمکیاں دیتا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزم نے بے رحمی سے اپنی بیوی کا استحصال کیا اور اسے نہ صرف مردوں کے ساتھ جنسی تعلقات پر مجبور کیا بلکہ آن لائن جنسی مواد نشر کرنے، مزید گاہک حاصل کرنے اور یہاں تک کہ پڑوسیوں اور گاہکوں کو بھی اس کے ساتھ جنسی تعلقات پر آمادہ کرنے کی کوشش کی۔

عدالت نے قرار دیا کہ ملزم نے اپنی بیوی کی جنسی خدمات فروخت کرنے کا منصوبہ خود بنایا اور اس پورے کاروبار کا زیادہ تر انتظام بھی وہی کرتا تھا۔

اگرچہ استغاثہ نے ملزم پر زیادتی کے آٹھ الزامات بھی عائد کیے تھے تاہم عدالت نے ثبوت ناکافی ہونے کی بنیاد پر یہ الزامات مسترد کر دیے۔ البتہ ایک مقدمے میں اقدامِ زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر سزا سنائی گئی۔

عدالت نے چار سال پانچ ماہ قید کے علاوہ ملزم کو حکم دیا کہ متاثرہ خاتون کو دو لاکھ سویڈش کرونا بطور ہرجانہ ادا کرے۔

تحقیقات کے دوران حکام نے 120 ایسے مردوں کی نشاندہی کی جنہوں نے خاتون سے جنسی خدمات حاصل کی تھیں تاہم صرف 29 افراد پر فردِ جرم عائد کی گئی۔ ان میں سے 28 کو مجموعی طور پر 56 مرتبہ جنسی خدمات خریدنے کا مجرم قرار دیا گیا۔

ان مجرموں میں سے دو کو قید کی سزا سنائی گئی جبکہ دیگر کو معطل سزا یا پروبیشن پر رہا کرنے کا حکم دیا گیا۔

یاد رہے کہ فرانس میں بھی ایسا ہی ایک ہولناک کیس سامنا آیا تھا جب شوہر نے برسوں تک اپنی بیوی کو نشہ آور ادویات دے کر 70 سے زائد اجنبیوں کے ساتھ زیادتی کروائی تھی۔