10 سال قبل ٹوائلٹ میں گری منگنی کی انگوٹھی بالآخر مل گئی

پلمبنگ کمپنی نے اس حیران کن دریافت کے بارے میں سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی


ویب ڈیسک June 21, 2026

مشیگن میں ہنگامی کال پر پہنچنے والے پلمبروں نے جب ایک سیوریج پائپ کھولا تو اندر سے ایک ایسی چیز برآمد ہوئی جس نے سب کو حیران کر دیا، ایک منگنی کی انگوٹھی جو 10 سال قبل غلطی سے ٹوائلٹ میں گر گئی تھی۔

ہاوَل میں واقع ٹائٹن پلمبنگ کے مالک گریگ جانسن کے مطابق وہ اور ان کی ٹیم ہارٹ لینڈ کے ایک شاپنگ پلازہ میں سیوریج لائن کے مسئلے کو ٹھیک کر رہے تھے کہ اچانک پائپ کے اندر ایک چمکتی ہوئی چیز نظر آئی۔

گریگ نے بتایا کہ ان کے ساتھی نے انگوٹھی کو اٹھایا، دونوں نے ایک دوسرے کی طرف دیکھا اور اس نے پوچھا، 'اب اس کا کیا کریں؟' انہوں نے کہا، 'چلو دیکھتے ہیں، شاید اس کے اصل مالک کو ڈھونڈ سکیں۔

پلمبنگ کمپنی نے اس حیران کن دریافت کے بارے میں سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی۔ جس کے بعد ان سے سُو نامی خاتون نے رابطہ کیا، جو قریبی فاؤنٹین آف یوتھ اسپا میں کام کرتی ہیں۔

دس سال تک سیوریج کے پائپوں میں گم رہنے والی یہ انگوٹھی آخرکار اپنے مالک تک پہنچنے کی امید بن گئی اور اس عجیب و غریب دریافت نے مقامی لوگوں کو بھی حیرت میں ڈال دیا۔