اب ٹوائلٹ خود چل کر آپ کے پاس آئے گا، چین کی حیران کن ایجاد

اس ایجاد کو مصنوعی ذہانت کی دنیا میں ایک منفرد پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے


ویب ڈیسک June 21, 2026

چین نے ایک ایسا جدید روبوٹک ٹوائلٹ متعارف کرا دیا ہے جو ضرورت پڑنے پر خود چل کر صارف کے پاس پہنچ جاتا ہے، جسے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی دنیا میں ایک منفرد پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

شنگھائی میں منعقد ہونے والی بزرگوں کی نگہداشت، معاون آلات اور بحالی طب کی نمائش میں چینی ٹیکنالوجی کمپنی یوئیبان نے ’شیاوبان‘ نامی اسمارٹ ٹوائلٹ پیش کیا (جو خصوصی طور پر معذور افراد) محدود جسمانی صلاحیت رکھنے والوں اور چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا کرنے والے افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ اے آئی سے چلنے والا خودکار روبوٹ جدید 3 ڈی آبسٹیکل اووائیڈنس سسٹم اور لائیڈار (LiDAR) ٹیکنالوجی کی مدد سے گھر کے اندر راستہ تلاش کرتے ہوئے براہِ راست صارف تک پہنچ سکتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ استعمال کے بعد یہ روبوٹ خود ہی واپس اپنے ڈاکنگ اسٹیشن پر چلا جاتا ہے، جہاں اس میں موجود فضلہ خودکار نظام کے ذریعے گھر کے سیوریج سسٹم میں منتقل کر دیا جاتا ہے۔

روبوٹ کے مخصوص ڈاکنگ اسٹیشن کو گھر کی موجودہ پلمبنگ سے جوڑا جاتا ہے، جبکہ کم شور پیدا کرنے والا گرائنڈر فضلے کو بہانے کے دوران پائپوں میں رکاوٹ پیدا ہونے سے بچاتا ہے۔

فضلہ خارج کرنے کے بعد ’شیاوبان‘ خودکار صفائی کے مرحلے میں داخل ہو جاتا ہے، جہاں ہائی پریشر پانی کے جیٹس اور الٹرا وائلٹ روشنی کی مدد سے اسے مکمل طور پر جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے، تاکہ اگلی بار استعمال کے لیے تیار رہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایجاد معذور اور بزرگ افراد کی روزمرہ زندگی کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے اور مستقبل میں گھریلو نگہداشت کے شعبے میں بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔