ایرانی صدر کا دورۂ پاکستان، راولپنڈی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل

نور خان ایئربیس اور اس کے گرد و نواح میں سخت سیکیورٹی نافذ کر دی گئی ہے


ویب ڈیسک June 23, 2026

راولپنڈی:

صدر اسلامی جمہوریہ ایران مسعود پیزشکیان کے دورۂ پاکستان کے پیش نظر راولپنڈی میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق نور خان ایئربیس اور اس کے گرد و نواح میں سخت سیکیورٹی نافذ کر دی گئی ہے۔ ایرانی صدر کی آمد اور واپسی تک سیکیورٹی ڈیوٹی پر راولپنڈی پولیس کے 600 سے زائد افسران اور اہلکار تعینات رہیں گے۔

سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے ایک ایس ایس پی، ایک ایس پی اور 7 ڈی ایس پیز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ 7 انسپکٹرز، 55 اپر سب آرڈینیٹس، 243 کانسٹیبلز اور ایک ریزرو فورس بھی ڈیوٹی انجام دے گی۔

اس کے علاوہ ایلیٹ فورس کے 11 اپر سب آرڈینیٹس، 2 لیڈی اہلکاروں سمیت 78 کمانڈوز بھی سیکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔ لیڈیز پولیس کے 4 اہلکار، ڈولفن فورس کی 5 ٹیمیں اور رائٹ مینجمنٹ یونٹ کے 4 اپر سب آرڈینیٹس سمیت 164 اہلکار بھی سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔

پولیس کے مطابق راولپنڈی کو اسلام آباد سے ملانے والے تمام اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی اور وی آئی پی موومنٹ کے دوران کسی قسم کی کراسنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔

ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی ملک طارق محبوب سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے، جبکہ مجموعی کمانڈ اینڈ کنٹرول کی ذمہ داری سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کے سپرد ہوگی۔