مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مصر اور قطر کا مشترکہ پیغام، سفارتی کوششیں تیز

دونوں ممالک نے اس امید کا اظہار کیا کہ مذاکراتی عمل مثبت انداز میں آگے بڑھے گا


ویب ڈیسک June 28, 2026

مصر اور قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکراتی عمل کی حمایت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر مکمل عمل درآمد کیا جائے تاکہ خطے میں کشیدگی کم ہو اور امن و استحکام کو فروغ مل سکے۔

مصری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ اتفاقِ رائے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اور قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے دوران سامنے آیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے مفاہمت کی شرائط پر عمل درآمد ضروری ہے۔

مصر اور قطر نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید مضبوط بنایا جائے اور تمام فریق ایسے اقدامات سے گریز کریں جو کشیدگی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔

دونوں ممالک نے اس امید کا اظہار کیا کہ مذاکراتی عمل مثبت انداز میں آگے بڑھے گا، جس سے نہ صرف امریکا اور ایران کے تعلقات میں بہتری آئے گی بلکہ پورے مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔