کویتی ایئر ڈیفنس نے فضائی حدود میں داخل ہونے والے دو ایرانی بیلسٹک میزائل تباہ کردیئے

اس کارروائی کے نتیجے میں نہ کسی شہری کی جان گئی اور نہ ہی کسی قسم کے مادی نقصان کی اطلاع ملی


ویب ڈیسک June 28, 2026

کویت کی مسلح افواج نے ملک کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے دو بیلسٹک میزائل کامیابی سے تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزارت دفاع کے مطابق میزائلوں کو بروقت ٹریک کرکے منظور شدہ دفاعی طریقہ کار کے تحت فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا گیا، جس کے باعث کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

کویتی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل سعود عبدالعزیز العطوان نے اپنے بیان میں کہا کہ اتوار کی صبح ملک کی فضائی حدود میں دو دشمن بیلسٹک میزائلوں کی نشاندہی ہوئی، جس کے بعد فضائی دفاعی نظام فوری طور پر متحرک ہوا اور دونوں میزائلوں کو کامیابی سے روک لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی کے نتیجے میں نہ کسی شہری کی جان گئی اور نہ ہی کسی قسم کے مادی نقصان کی اطلاع ملی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کویتی مسلح افواج ملک کی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر وقت مکمل چوکسی اور اعلیٰ سطح کی تیاری کی حالت میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوج ملکی سرحدوں، شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے تحفظ کے لیے اپنے فرائض پوری ذمہ داری کے ساتھ انجام دے رہی ہے۔

کویت کی وزارت دفاع نے عوام کو یقین دلایا کہ ملکی دفاعی ادارے ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔