ایس ای سی پی نے ملک کا پہلا ای ایس جی میوچل فنڈز فریم ورک جاری کردیا

نئے فریم ورک کے تحت ایسیٹ مینجمنٹ کمپنیاں ای ایس جی میوچل فنڈز متعارف کراسکیں گی


اسٹاف رپورٹر July 01, 2026

پاکستان نے پائیدار سرمایہ کاری کی عالمی منڈی میں اہم پیشرفت کرلی ہے جسکے تحت سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے ملک کا پہلا ای ایس جی میوچل فنڈز فریم ورک جاری کردیا ہے۔

اس نئے فریم ورک کے تحت ایسیٹ مینجمنٹ کمپنیاں ای ایس جی میوچل فنڈز متعارف کراسکیں گی، ایس ای سی پی کے مطابق فریم ورک پاکستانی کمپنیوں کو بہتر ای ایس جی معیار اپنانے کی ترغیب دے گا۔

ای ایس جی میوچل فنڈز ماحول، سماجی ذمہ داری ، بہتر گورننس پر عمل کرنے والی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کریں گے جبکہ ایکویٹی ای ایس جی فنڈز پی ایس ایکس سسٹین ایبلٹی انڈیکس میں شامل کمپنیوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔

ایس ای سی پی کے مطابق ڈیٹ ای ایس جی فنڈز گرین، سوشل اور سسٹین ایبلٹی لنکڈ قرضہ جاتی آلات میں سرمایہ کاری کریں گے، نئے ضوابط کے تحت ای ایس جی فنڈز کے کم از کم 50 فیصد اثاثے ای ایس جی سرمایہ کاری میں رکھنا لازم ہوگا۔

فریم ورک گرین واشنگ کی روک تھام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دینے کا باعث بنے گا۔ ای ایس جی میوچل فنڈز فریم ورک، ایس ای سی پی کے پائیدار مالیاتی اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم سنگ میل ہے۔

ای ایس جی ڈسکلوژر گائیڈ لائنز، آئی ایف آر ایس سسٹین ایبلٹی اسٹینڈرڈز، ای ایس جی سسٹین پلیٹ فارم اور پاکستان گرین ٹیکسانومی پہلے متعارف ہوچکی ہے۔