نابینا خاتون سے فراڈ، بینک مینیجر سے 1 کروڑ 92 لاکھ ریکور، متاثرہ کو دو گاڑیاں بھی دینے کا حکم

عدالت نے ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 7 جولائی تک ملتوی کر دی


فیاض محمود July 01, 2026
فوٹو: فائل

بینک مینجر کے ہاتھوں مالی فراڈ کا شکار نابینا خاتون کو ایک کروڑ 92 لاکھ روپے کی رقم واپس مل گئی جبکہ عدالت نے باقی ازالے کے لیے بینک مینیجر کی دونوں گاڑیاں نابینا خاتون کے حوالے کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جسٹس اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس نے رقم ریکوری کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔

درخواست دائر کرنے والی خاتون درخشاں مرزا عدالت میں پیش ہوئیں اور فیصلہ دینے پر دونوں ججز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ دونوں ججز صاحبان کا بہت بہت شکریہ۔۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عظمت بشیر تارڑ بتایا کہ پہلی رقم 1 کروڑ 59 لاکھ ان کو موصول ہو چکی ہے گزشتہ روز 28 لاکھ کا ایک جبکہ 5 لاکھ 30 ہزار کا دوسرا چیک موصول ہو چکا جبکہ دونوں گاڑیاں ایک ہفتے میں ریکور کروا کے دیں گے۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ بینک مینجر رمیز جاوید کروڑوں روپے کے فراڈ کیس میں سزا یافتہ، اڈیالہ جیل میں قید ہیں بینک مینجر پر خاتون درخشاں مرزا کی دو کروڑ سے زائد رقم ہڑپ کرنے کا الزام ہے۔

ٹرائل کورٹ نے بینک مینجر رمیز جاوید پر جرم ثابت ہونے پر پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے رمیز جاوید کی سزا کے خلاف اپیل بھی مسترد کر دی، سزا مسترد کرنے کے فیصلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے رقم کی ریکوری کا بھی آرڈر کیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے بقایا رقم کے ازالے کیلئے بینک مینجر کی دونوں گاڑیاں نابینا خاتون کے حوالے کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی اے کو رمیز جاوید کی دونوں گاڑیاں ریکور کر کے تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

مکمل رقم نہ ملنے پر درخشاں مرزا نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 7 جولائی تک ملتوی کر دی۔