بھارت کا ایک اور مشہور اداکار جوڑا پرنس نرولا اور یوویکا چوہدری ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں جہاں سوشل میڈیا پر ان کی شادی شدہ زندگی اور تعلقات کے حوالے سے نئی قیاس آرائیاں اور افواہیں گردش کر رہی ہیں، جس کی وجہ دونوں کے درمیان انسٹاگرام پر ایک حیران کن تبدیلی ہے۔
بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ مقبول ٹیلی ویژن جوڑے پرنس نرولا اور یوویکا چوہدری نے انسٹاگرام پرایک دوسرے کو ان فالو کردیا ہے، جس کے بعد ان کی شادی کی صورت حال کے بارے میں نئی قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں حالانکہ پرنس اور یوویکا چوہدری کی جانب سے ان افواہوں پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
سوشل میڈیا میں مشہور اداکار جوڑے کے تعلقات سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں گردش کر رہی ہیں اور ماضی میں بھی مذکورہ جوڑے کو اسی نوعیت کی افواہوں کا سامنا رہا ہے تاہم سوشل میڈیا پر جاری اس بحث نے ان کے مداحوں کو ایک بار پھر یہ سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ کیا دونوں کی شادی شدہ زندگی ٹھیک چل رہی ہے اور ان کے درمیان کسی قسم کے اختلافات تو نہیں ہیں۔
مداحوں کی جانب سے افواہیں اس وقت گردش کرنے لگی جب انسٹاگرام پر دیکھا گیا کہ پرنس نرولا اور یوویکا چودھری ایک دوسرے کو فالو نہیں کر رہے ہیں، اس غیر متوقع اقدام سے سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے میڈیا میں پھیل گئی اور قیاس آرائیاں ہونے لگیں کہ جوڑے کی شادی مشکلات کا شکار ہے۔

دوسری جانب انسٹا گرام پر پرنس نرولا کے ہینڈل پراب بھی یوویکا کا نام موجود ہے اور اسی طرح دونوں نے اپنے اکاؤنٹس سے ایک دوسرے کی تصاویر یا پوسٹ بھی ختم نہیں کی ہیں، جس کے باعث یہ بات ہو رہی ہے کہ جوڑے کا انسٹا گرام پر ایک دوسرے کو ان فالو کرنا ایک عارضی فیصلہ ہو اور اس سے کسی سنگین اختلاف اور فیصلے سے تعبیر نہیں کرنا چاہیے۔

یاد رہے کہ پرنس نرولا اور یوویکا چوہدری کی پہلی ملاقات 2015 میں بگ باس 9 کے دوران ہوئی تھی جہاں ان کی دوستی سیزن ختم ہونے کے بعد محبت میں بدل گئی اور اس کے بعد دونوں بھارتی ٹی وی کی مقبول ترین جوڑیوں میں شمار ہونے لگے اور ان کے مداحوں نے ان کی جوڑی کو ‘پری ویکا’ کا نام دیا۔
پرنس اور یوویکا چوہدری نے 12 اکتوبر 2018 کو شادی کی اور اس کے بعد دونوں اپنی شادی شدہ زندگی کے حسین لمحات، تعطیلات اور کامیابیوں کے لمحات مداحوں ساتھ شیئر کرتے رہے ہیں۔
پرنس اور یوریکا چوہدری کے ہاں اکتوبر 2024 میں بیٹی پیدا ہوئیں اور جوڑے نے ان کا نام اکلین نرولا رکھا اور 5 نومبر 2025 کو گرو نانک جینتی کے موقع پر انہوں نے ممبئی کے ایک گردوارے میں حاضری کے دوران پہلی بار اپنے بیٹی کو مداحوں سے متعارف کروایا، جس پر انہیں زبردست پذیرائی ملی۔
واضح رہے کہ پرنس نرولا اور یوویکا چوہدری کے درمیان علیحدگی کی افواہیں اسے قبل بھی سامنے آئی تھیں، جب یوویکا چوہدری حمل کے دوران پرنس کے ساتھ رہنے کے بجائے اپنی والدہ کے گھر رہ رہی تھیں، جس خبریں گردش کرنے لگیں کہ جوڑا الگ الگ رہ رہا ہے تاہم بعد میں یوویکا نے وضاحت کی کہ وہ حمل کے دوران بہتر طبی سہولیات کے لیے عارضی طور پر اپنی والدہ کے گھر منتقل ہوئی تھیں اور اس کے علاوہ ان کے گھر میں تزئین و آرائش کا کام بھی جاری تھا۔