کوئٹہ:
بلوچستان کے تین اضلاع ژوب، لورالائی اور سبی میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں میونسپل کمیٹیز اور یونین کونسلز کی 6 جنرل نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق دوسرے مرحلے کے ان انتخابات میں مجموعی طور پر 19 امیدوار مدمقابل ہیں۔ متعلقہ حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 5 ہزار 546 ہے، جن میں 2 ہزار 942 مرد اور 2 ہزار 604 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹرز کی سہولت کے لیے 8 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 2 مردوں، 2 خواتین جبکہ 4 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔ سکیورٹی کے پیش نظر 6 پولنگ اسٹیشنز کو حساس جبکہ 2 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔