سپریم کورٹ کے اعتراض کے بعد عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست دوبارہ دائر

سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے توہین عدالت درخواست پر اعتراض  عائد کردئیے


ویب ڈیسک August 25, 2026

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے  معاملے پر بانی پی ٹی آئی کی بہن کی توہین عدالت کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی گئی۔

سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے توہین عدالت درخواست پر اعتراض  عائد کردیے، ذرائع نے کہا کہ توہین عدالت کے الزام کا سامنا کرنے والے فریقین کیساتھ الزامات کی فہرست فراہم نہیں کی گئی۔

بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوا، ہم نے توہین عدالت کی درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی سہولت سینٹر پر میری رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات ہوئی، رجسٹرار سپریم کورٹ نے بتایا ہماری درخواست پر اعتراض عائد کیا گیا ہے، ہمیں توہین عدالت کی درخواست کی فائل واپس کردی گئی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم اعتراض دور کرکے توہین عدالت کی درخواست دوبارہ دائر کریں گے، ہم چاہتے ہیں وہی بنچ آج ہی تشکیل دے دیا جائے تاکہ جمعرات کو سماعت ہو جائے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بہت ضروری ہے، برائے مہربانی بانی پی ٹی آئی کی فیملی ممبران سے ملاقات کرائیں، ہم اپنا وعدہ پورا کر چکے ہیں۔

بعد ازاں پی ٹی آئی کی توہین عدالت کی درخواست پر اعتراضات کو دور کردیا گیا، ذرائع نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے عائد اعتراض کو دور کر کے درخواست دوبارہ دائر کردی گئی۔

رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے  توہین کے مرتکب افراد کو الزامات کی فہرست نہ بھجنے کا اعتراض عائد کیا گیا تھا۔

ادھر پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر  نے کہا کہ رجسٹرار صاحب سے فیسیلٹیشن سینٹر میں ملاقات ہوئی،رجسٹرار صاحب نے مجھے کہا ہم نے اپنی درخواست پر ایک اعتراض لگایا ہے، میں درخواست کروں گا آج ہی انکو  نمبر الاٹ کیا جائے اور ہمارا پراسس مکمل کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے آرڈر ہر صورت میں ان پر عملدرآمد ہونا ہے، خان صاحب کی صحت کا ایشو ہیں انکے بنیادی حقوق میں یہ ہے،اس آرڈر کے مطابق خان صاحب کی فیملی نے ہر ہفتے ایک ملاقات کرنی ہے، نورین بی بی نے مجھے بھی پوری تفصیل نہیں بتائی لیکن وہ ملاقات سے خوش تھیں۔

دوسری جانب رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے توہین عدالت درخواست کو نمبر الاٹ کردیا، عظمیٰ خان کی توہین عدالت درخواست کو 8/2026 نمبر لگایا گیا

بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواست میں عمران خان کو علاج کے لیے شفا اسپتال منتقل کرنے اور ان کے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سپریم کورٹ بھی آئے تھے تاکہ درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کروایا جا سکے۔