راولپنڈی: پھول، کھلونے فروخت کرنے والی 13 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی، مقدمہ درج

متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار جا رہے ہیں، پولیس


صالح مغل August 30, 2026
فوٹو: فائل

راولپنڈی کے علاقے چکلالہ میں پھول اور کھلونے فروخت کرنے والی 13 سالہ بچی کے ساتھ مبینہ طور پر ایک رکشہ ڈرائیور نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، درخواست گزار نے بتایا ہے کہ میں اور میرا 16 سالہ بیٹا شادی ہال میں ڈش واشر ہیں اور 13سال کی بیٹی چکلالہ میں پھول کھلونے فروخت کرتی ہے۔

مقدمے کے مطابق بچی پھول اور کھلونے فروخت کرکے گھر جا رہی تھی کہ محلہ دار رکشہ ڈرائیور نے لفٹ دی اور ملزم بیٹی کو قبرستان والے گراونڈ لے گیا اور وہاں مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ ملزم نے بچی کو ڈرایا اور دھمکایا تھا کہ کسی کو بتانا نہیں لیکن بیٹی نے کزن کو واقعے کی پوری بات بتائی اور انہوں نے مجھے اطلاع دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملزم علی مجاہد نے بیٹی سے مبینہ طور پر زبردستی زیادتی  کی ہے لہٰذا قانونی کارروائی کی جائے۔

پولیس نے بتایا کہ شکایت پر واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔