امریکی ثالثی میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کے غزہ پر حملے؛ حماس کے 4 کمانڈر شہید

شہید ہونے والوں میں نخبا فورس کے ایال نائف، راکٹ یونٹ کمانڈر عرفات کمال، نبیل حمد اور کمانڈر مہند نادر محمود شامل ہیں


ویب ڈیسک November 02, 2026
جنگ بندی کے باوجود اسرائیل غزہ میں حماس رہنماؤں کو نشانہ بنا رہا ہے

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی غزہ میں کیے گئے دو الگ الگ فضائی حملوں میں حماس کے چار کمانڈرز ارکان کو نشانہ بنایا ہے جن میں تنظیم کے بھرتی شعبے کے سربراہ اور دو اہم عسکری کمانڈر بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے حملے میں حماس کے بھرتی کے شعبے کے سربراہ نبیل حمد اور حماس کے کمانڈر مہند نادر محمود دحدوح کو نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اسی روز دو دیگر کارروائیوں میں حماس کے نخبا فورس سے تعلق رکھنے والے ایال نائف فہمی مسالمہ اور تنظیم کے راکٹ یونٹ کے کمانڈر عرفات کمال محمد ارعیر کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے ان افراد کو نشانہ بنانے کی وجوہات اور حملوں کے مقام سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔ تاحال حماس کی جانب سے اسرائیلی فوج کے ان تازہ دعوؤں پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری ہیں۔اسرائیل کا مؤقف ہے کہ اس کے حملوں میں حماس کے عسکری ارکان اور کمانڈروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔