پُراسراریت پھیلانے والے چینی خلائی طیارے خدائی اژدہاکو امریکی سیٹلائٹ کیمرے نے پکڑلیا

اس خلائی طیارے کو شین لونگ یعنی خدائی اژدہا کہا جاتا ہے


ویب ڈیسک November 02, 2026
چین کے خفیہ خلائی طیارے کی پہلی واضح تصویر سامنے آگئی

چین کے خفیہ خلائی طیارے کی پہلی واضح تصویر سامنے آگئی جس میں یہ ایک دوسرے خلائی جہاز کے ساتھ منسلک دکھائی دے رہا ہے جبکہ اس کے شمسی پینل کھلے ہوئے ہیں۔

امریکی دفاعی انٹیلی جنس ایجنسی کی جاری کردہ رپورٹ میں شامل یہ تصویر 2024 میں امریکی کمپنی میکسار کے مصنوعی سیارے نے تقریباً 90 کلومیٹر کے فاصلے سے کھینچی تھی۔ تصویر میں 4.5 سینٹی میٹر فی پکسل تک کی تفصیل دیکھی جاسکتی ہے۔

اس خلائی طیارے کو شین لونگ یعنی خدائی اژدہا کہا جاتا ہے۔ یہ ایک خودکار اور دوبارہ استعمال کے قابل طیارہ ہے جسے راکٹ کے ذریعے خلا میں بھیجا جاتا ہے اور مشن مکمل ہونے پر یہ عام ہوائی جہاز کی طرح زمین پر اتر سکتا ہے۔

تصویر میں اس کے پچھلے حصے میں سامان رکھنے کا دروازہ کھلا دکھائی دیتا ہے جبکہ شمسی پینل بھی نصب ہیں۔ اس سے ماہرین کو طیارے کی ساخت اور ممکنہ صلاحیتوں کا جائزہ لینے کا موقع ملا ہے۔

امریکی رپورٹ کے مطابق یہ طیارہ خلا میں مختلف اشیا بھیجنے، ان کی آزمائش کرنے اور انہیں واپس لانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس نے اپنے سابقہ مشنز کے دوران کئی نامعلوم اشیا بھی خلا میں چھوڑی ہیں تاہم ان کی اصل نوعیت اور مقصد واضح نہیں ہوسکا۔

شین لونگ کا ڈیزائن امریکی خلائی فوج کے بوئنگ ساختہ خفیہ طیارے ایکس 37 بی سے کافی مشابہت رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ چین نے اب تک اس طیارے کی کوئی سرکاری تصویر جاری نہیں کی اور نہ ہی اس کے مشنز کی مکمل تفصیلات فراہم کی ہیں۔ اس کا چوتھا خلائی مشن 7 فروری 2026 کو شروع ہوا تھا۔