کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 2 ڈاکو ہلاک، ایک ملزم زخمی

دو زخمی ملزمان اسپتال منتقلی کے دوران راستے میں ہی دم توڑ گئے


منور خان November 05, 2026

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلوں کے دوران 2 ملزمان ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی کراسنگ بھٹائی کالونی سیکٹر بی میں گشت پر مامور پولیس پارٹی کا مبینہ ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوا، جس کے دوران 2 ملزمان شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس نے دونوں کو گرفتار کرکے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کرنا چاہا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

ایس ایچ او زمان ٹاؤن عدنان بخاری کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت شیریں اور عمران کے نام سے ہوئی ہے۔

ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، موبائل فونز اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔ پولیس نے دونوں ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کرنا شروع کردیا ہے۔

دوسری جانب ابراہیم حیدری پولیس نے کورنگی ابراہیم حیدری جمعہ پلیہ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت 25 سالہ نور حسین کے نام سے ہوئی ہے، جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ہیڈ محرر ابراہیم حیدری فیصل کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔