پاکستان نیوی وار کالج کے میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلینس کے زیر اہتمام 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا اختتام ہوگیا۔
کانفرنس میں نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقدہ کانفرنس میں جدید ٹیکنالوجیز اور قومی دفاعی نظام کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانفرنس میں اعلیٰ عسکری قیادت، پالیسی سازوں، سفارت کاروں، ماہرینِ تعلیم اور طلبہ نے بھی شرکت کی۔
کانفرنس کے دوران جدید جنگی رجحانات، بحرِ ہند میں طاقت کے توازن اور جدید دفاعی ٹیکنالوجیز پر گفتگو کی گئی۔ مصنوعی ذہانت، کمپیوٹیشنل سائنس اور بغیر پائلٹ فضائی نظام کے انسداد کی جدید ٹیکنالوجیز بھی خصوصی تبادلہ خیال کا موضوع رہیں۔
کانفرنس میں مقامی بحری دفاعی نیٹ ورک کی ترقی کے لیے تعلیمی، صنعتی اور عسکری شعبوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ علاوہ ازیں نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے مقامی سطح پر جدید ٹیکنالوجی کی تیاری اور اسٹریٹجک شراکت داریوں کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔